لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود نے کہا ہے کہ ہمیں ابھی بہت کچھ کرنے کی ضرورت ہے۔ملتان میں انگلینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں کامیابی کے بعد گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم میچ میں 20 وکٹیں لینے میں کامیاب ہوئے۔ ہم نے ملتان میں زیادہ ٹیسٹ میچز نہیں کھیلے ہیں، بنگلہ دیش کیخلاف سیمرز کو کھلایا، اس ٹیسٹ میں پلان تبدیل کیا اور سپنرز کو آزمایا۔ پاکستان کرکٹ کیلئے یہ جیت ضروری تھی، ہمیں ہر جگہ 20 وکٹیں لینی ہیں، ہمیں لیڈ ملنا بہت اچھا رہا، اس لیڈ نے ہماری مدد کی۔ یہ کامیابی مشکل وقت اورکافی عرصے بعد ملی ہے۔ہر جگہ سپن وکٹیں نہیں بنا سکتے ، ہمیں کنڈیشنز کے مطابق کھیلنا ہوگا۔ ابھی پنڈی کی پچ نہیں دیکھی، میں تو وہاں بھی سپن پچ دیکھنا چاہوں گا ، پنڈی کی کنڈیشنز دیکھ کر بہترین کمبی نیشن بنانے کی کوشش کریں گے۔ سلیکشن کمیٹی جب نئی آئی تو ہم سب کا صرف یہ تھا کہ کیسے 20 وکٹیں لینا ہیں، نعمان علی اور ساجد خان کو کریڈٹ جاتا ہے ، جیت کیلئے ہمیں خطرے بھی مول لینا ہیں۔ پاکستان میں اس وقت بھی موسم گرما چل رہا ہے جو موسم سرما میں تبدیل ہو رہا ہے تو ہمیں امید ہے کہ اگلے میچ میں سورج کا اپنا کردار ادا کرے گا اور وکٹ خشک ہو گی۔ راولپنڈی جا کر 20 تاریخ کو وکٹ دیکھیں گے، گراؤنڈمین وہاں کام کررہے ہیں اور ہم ایسی ٹیسٹ وکٹ کرنے کی کوشش کریں گے جہاں دونوں ٹیمیں 20 وکٹیں لے سکیں۔جیت کاکریڈٹ پوری ٹیم کو جاتا ہے مگر نعمان علی اور ساجد خان نے اچھی کارکردگی کا مظاہر ہ کیا اور بیس کھلاڑی آئوٹ کئے ۔ انگلینڈ ٹیم کے کپتان بین سٹوکس نے کہا کہ پاکستان کے سپنرز نے دوسرے ٹیسٹ میں بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا،ہم نے کچھ اہم کیچز بھی ڈراپ کئے جس کا خمیازہ بھگتنا پڑا،ملتان کی وکٹ بیٹنگ کیلئے آسان نہیں تھی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے دوسرے ٹیسٹ میچ میں پاکستان سے ہارنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔بین سٹوکس نے کہا کہ یہ بہت دلچسپ ٹیسٹ میچ تھا جو استعمال شدہ پیچ پر کھیلا،میچ کے دوسرے دن بال نے زیادہ ٹرن کرنا شروع کیا،گیم ہے ہوتا ہے کوئی پرابلم نہیں۔ سیریز میں ہر گیم کا رزلٹ نکل رہا،امید ہے پنڈی میچ کا بھی نتیجہ آئیگا۔ملتان پچ سے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں انگلش کپتان نے کہا کہ اس وکٹ پر ڈیفینڈ کرنا مشکل تھا ہم نے سویپ شاٹس کھیلنے کی کوشش کی،ٹاس کا بھی اہم کردار ہوتا ہے، شان مسعود کی لک ہے کہ وہ دونوں بار ٹاس جیتے، بین ڈکٹ نے پہلی اننگز میں بہت اچھا ہرفارم کیا،برائیڈن کارس اور میتھیو پوٹس نے اچھی باؤلنگ کی۔ بین ڈکٹ کی پہلی اننگز میں سنچری نے ہمیں راستہ دکھایا۔ان مشکل حالات میں آپ کو اسپن کا مقابلہ کرنے کا طریقہ نکالنا ہوتا ہے۔ میں ماضی کی باتوں میں نہیں جیتا، کوئی جان بوجھ کر کیچ نہیں چھوڑتا، لیکن ان حالات میں وکٹ کے پیچھے اکثر مواقع نہیں ملتے۔ اسپنرز کے بارے میں بہت بات کی جاتی ہے، لیکن کارس اور پوٹس نے مسلسل گیند بازی کرتے ہوئے سپنرز کو بریک دلانے کے دوران میدان میں زبردست ماحول پیدا کیا۔اس میچ کے لیے فٹ ہونے کیلئے سخت محنت کی، لیکن اس گرمی میں فیلڈ میں کھڑے ہونے کیلئے کوئی بھی تیاری کافی نہیں ہوتی۔ یہ اب تک ایک شاندار سیریز رہی ہے، اور اچھا ہے کہ یہ آخری میچ تک جا رہی ہے۔