لاہور (نیوز رپورٹر) مشہور موٹیویشنل سپیکر قاسم علی شاہ نے تھیلیسیمیا اور ہیموفیلیا کے مریضوں کی عیادت کیلئے سندس فاؤنڈیشن کا دورہ کیا۔انہوں نے مریضوں اور انکے اہل خانہ سے ملاقات کی اور انکی حوصلہ افزائی کی۔ بعدازاں سندس فاؤنڈیشن میں خون کی منتقلی کیلئے داخل بچوں میں تحائف بھی تقسیم کیے۔ انہوں نے انسان دوستی کی اہمیت اور کام کے بہتر کلچر کو فروغ دینے پر ایک فکر انگیز لیکچر بھی دیا۔ انہوں نے کہا کہ انسانیت کی خدمت یہ ہے کہ ہر فرد اپنے حصے کا کام کرے‘معاشرے کی بہتری کیلئے اپنے فرائض ادا کرے ۔انہوں نے ایک مثبت کام کا ماحول بنانے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔آخر میں انہوں نے سامعین کے سوالات کے جوابات دیے۔اس موقع پر صدر سندس فاؤندیشن یاسین خان نے انکی آمد پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ قاسم علی شاہ کا دورہ ہمارے مریضوں کے لیے امید کی کرن ہے۔ صدر یاسین خان نے قاسم علی شاہ کو یادگاری شیلڈ بھی پیش کی۔