کراچی (سٹاف رپورٹر) سندھ ہائی کورٹ نے شام میں محصور پاکستانی فیملی کی واپسی سے متعلق درخواست پر وزارت خارجہ، ڈائریکٹر پاسپورٹ امیگریشن اور شام میں قائم پاکستانی سفارتخانے کو نوٹس جاری کرتے ہوئے فریقین سے 11نومبر تک جواب طلب کرلیا۔ درخواست گزار کے وکیل عثمان فاروق ایڈووکیٹ نے موقف دیا کہ کہ میرے موکل کی بہو اور اس کے 2بچے شام میں محصور ہیں۔ ان کا بیٹا محمد کامران شام میں پیٹرولیم کمپنی میں ملازمت کرتا تھا۔ شام میں ہونے والی خانہ جنگی کے بعد بیٹے کا کچھ پتہ نہیں ہے، تاہم بہو اور بچے پناہ گزین کیمپوں میں رہائش پذیر ہیں۔ شام میں موجود پاکستانی سفارتخانہ اس حوالے سے کوئی مدد فراہم نہیں کررہا ہے۔