گریڈنگ سکیم سسٹم کو منصفانہ، شفاف بنانے کیلئے ہے: ڈاکٹر غلام علی ملاح

Oct 19, 2024

اسلام آباد (انٹرویو: رانا فرحان اسلم) انٹر بورڈ کوآرڈینیشن کمیشن کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر غلام علی ملاح نے کہا ہے کہ مجوزہ گریڈنگ فارمولے کا کامیابی سے نفاذ کر دیا گیا ہے۔ یہ نیا گریڈنگ سسٹم طلباء کی کارکردگی کو معیاری طریقے سے رپورٹ کرنے اور گریڈز دینے کے لیے پیش کیا گیا تھا۔ یہ گریڈنگ سکیم زیادہ منصفانہ اور شفاف ہونے کے ساتھ اس بات کو یقینی بنانے کے لیے ڈیزائن کی گئی ہے کہ گریڈز طلباء کی حقیقی کارکردگی اور سیکھنے کی عکاسی کریں۔ تصدیق کے اس عمل میں شفافیت لانے اور اس کو دور جدید کے اصولوں کے عین مطابق لانے کے لئے تصدیق شدہ اسناد پر بارکوڈ سٹیکرز چسپاں کیا جاتا ہے جس کے سکین کرنے پر طلباء کو ان اسناد کا ڈیٹا بذات خود دیکھنے کے لئے آئی بی سی سی ویب سائٹ سے لنک کردیا جاتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار ڈاکٹر غلام علی ملاح نے ’’روزنامہ نوائے وقت‘‘ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ڈاکٹر غلام علی ملاح نے کہا ہے کہ دس نکاتی گریڈنگ سسٹم کے استعمال سے پرانے طریقہ کار کی جگہ طلباء کے نتائج کو نمبروں کے بجائے گریڈز میں رپورٹ کیا جائے گا، جو کہ طویل مدتی طور پر طلباء کے لیے زیادہ مفید ثابت ہوگا۔

مزیدخبریں