اسلام آباد (خبرنگارخصوصی) چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل نوید اشرف نے اٹلی کے سرکاری دورے کے دوران ٹرانس ریجنل سی پاور سمپوزیم میں شرکت کی اور "زیرِ آب وسائل کے تحفظ اوران کے پائیدار استعمال" کے موضوع پر خطاب کیا۔ ترجمان پاک بحریہ کے مطابق نیول چیف نے مختلف ممالک کی نیول قیادت سے ملاقاتیں بھی کیں۔ ٹرانس ریجنل سی پاور سمپوزیم (ٹی آر ایس ایس) وینس، اٹلی میں منعقد ہوا۔ اس سمپوزیم کا مقصد مختلف زاویوں سے زیرِ آب ماحول کی بڑھتی ہوئی اہمیت کو اجاگر کرنا تھا۔ اس کے علاوہ، زیر آب ماحول کو درپیش چیلنجز اور اس سے جڑے ہوئے مواقع پر روشنی ڈالی گئی۔ مزید برآں؛ بین الاقوامی میری ٹائم کمیونیٹی کے درمیان ایک نتیجہ خیز مباحثے کی حوصلہ افزائی کرنا تھا۔ اپنے خطاب کے دوران چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف نے اس بات پر زور دیا کہ زیرِ آب ماحولیاتی نظام کا تحفظ اور سمندری وسائل کا پائیدار استعمال عالمی حیاتیاتی اقسام اور معاشی استحکام کو یقینی بنانے کے لیے نہایت ضروری ہیں۔