لاہور+ پتوکی+ شیخوپورہ + سرگودھا (نامہ نگاران+نمائندہ نوائے وقت+ نمائندہ خصوصی+ نامہ نگار خصوصی) پی ٹی آئی نے ساہیوال، کراچی، شیخوپورہ، سرگودھا سمیت کئی شہروں میں احتجاج کیا۔ ضلعی صدر پی ٹی آئی سمیت 385 کارکن گرفتار کر لئے گئے۔ تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کی طرف سے احتجاجی کال پر پی ٹی آئی ساہیوال کے ضلعی صدر رانا آفتاب احمد خان کی قیادت میں بھنڈاری چوک میں ریلی نکالی گئی۔ کارکن نعرہ بازی کر رہے تھے کہ پولیس نے رانا آفتاب احمد خان، میاں نوید اسلم، رضوان مظفر شاہ، شعیب خالد بلوچ سمیت 5افراد کو گرفتار کرلیا جنہیں تھانہ سول لائن کی حوالات میں بند کر دیا ہے۔ لاہور پولیس نے کریک ڈاؤن کرتے 385 سے زائد کارکنوں کو حراست میں لے لیا۔ راولپنڈی میں پولیس نے فلیگ مارچ کیا۔ تحریک انصاف کی رہنما ریحانہ امتیاز ڈار نے کہا ہے مجوزہ آئینی ترمیم سپریم کورٹ اور سسٹم کے خلاف سازش ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے تحریک انصاف کی کال پر آئینی ترایم کیخلاف، عمران خان کی رہائی کے لئے پُرامن احتجاج سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ چیئرمین تحریک انصاف کی کال پر احتجاجی ریلی نکالی گئی جس میں سٹی صدر میاں افضال حیدر، ارکان اسمبلی چودھری طیاب راشد سندھو ایڈووکیٹ، اویس عمر ورک ،سردار افتخار احمد ڈوگر ،ضلعی صدر آفتاب ڈھلوں، ضلعی صدر یوتھ ونگ زاہد نواز چدھڑ، ضلعی جنرل سیکرٹری امان اللہ گجر ، شہریار چیمہ ، غلام نبی ورک سمیت کارکنان کی بڑی تعداد نے شر کت کی تحریک انصاف کے کارکنان نے موٹرسائیکلوں پر سوار ہوکر ہی احتجاج کیا ،نعرے بازی کی اور پولیس کو دیکھتے ہی لاہور روڈ پر آگئے اور ریلی کی شکل میں نعرے بازی کرتے رہے پولیس نے تعاقب کرکے 15 کے قریب کارکنان کو گرفتار کرلیا جبکہ اراکین صوبائی اسمبلی اور پارٹی عہدیداران احتجاج کے بعد روانہ ہونے میں کامیاب ہوگئے ۔ مقررین نے کہاکہ ہمارا مقصد اداروں کی بے توقیری نہیں بلکہ اداروں کی مضبوطی، بانی چیئرمین تحریک انصاف اور گرفتارپارٹی عہدیداران اور کارکنان کی رہائی، جعلی مینڈیٹ کو ختم کرکے ہمیں ہمارامینڈیٹ واپس لینا ہے۔ انشاء اللہ فتح حق اور سچ کی ہوگی۔ شیخوپورہ 25 سے زائد کارکنوں کو پولیس نے اس وقت حراست میں لے لیا جب وہ جلوس کی شکل میں موبائل مارکیٹ کے باہر پہنچے۔ پتوکی اور گردونواح میں کارکنان کا ممکنہ احتجاج روکنے کے لئے پولیس متحرک رہی، گزشتہ صبح سے ہی پولیس کی بھاری نفری نے پی ٹی آئی امیدوار عقیل اسلم آرائیں کے ملتان روڈ پر واقع ہوٹل پر ڈیرے ڈال لئے۔ ہلہ چوک، ملانوالہ بائی پاس سمیت متعدد جگہوں پر ناکہ بندی کر لی۔ دوسری طرف عقیل اسلم آرائیں نے میڈیا گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے پُرامن احتجاج کا حق بھی چھین لیا، فسطاعیت کی مذمت کرتے ہیں۔ سرگودھا احتجاج پر پولیس تھانہ سٹیلائٹ ٹاؤن نے4 ارکان پنجاب اسمبلی پی پی75 علی آصف بگا، پی پی 76ذوالفقار علی بھٹی، پی پی 73انصر اقبال ہرل، پی پی 72 سہیل اختر گجر سمیت 24 نامزد اور 50/55 کارکنان کے خلاف زیر دفعہ 188/341/148/149 ت پ مقدمہ713/24 درج کر لیا ہے۔ یاد رہے پی ٹی آئی کے احتجاج کے دوران اوور ہیڈ برج اسلام پورہ سے پولیس نے ارکان اسمبلی اور 18 کارکنان کو گرفتار کر لیا تھا۔ایمپریس مارکیٹ کراچی پر جاری احتجاج پر پولیس گردی کی گئی۔ ترجمان پی ٹی آئی نے کہا کہ پولیس کی شیلنگ سے پرامن احتجاج میں خواتین، بزرگ اور بچے شدید متاثر ہوئے۔ پی ٹی آئی کے سابق رکن اسمبلی اور دیگر کارنوں کو گرفتار کیا گیا۔ شدید مذمت کرتے ہیں۔
آئینی ترامیم کیخلاف اور بانی کی رہائی کیلئے پی ٹی آئی کا احتجاج، 385 کارکن گرفتار
Oct 19, 2024