چھاتی کا کینسر جنوبی ایشیائی ممالک میں عام، وجہ خواتین میں آگاہی کی کمی: صدر  

Oct 19, 2024

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) صدر مملکت آصف زرداری  نے پاک بحریہ کو شمالی بحیرہ عرب میں انسداد منشیات کا بڑا اور کامیاب آپریشن کرنے پر خراج تحسین پیش کیا ہے، صدر مملکت نے مشتبہ کشتی سے بڑی مقدار میں منشیات پکڑنے پر پاک بحریہ کو سراہا، صدر نے کہا کہ پاک بحریہ کی ملک دْشمن اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف موثر کارروائی قابل تحسین ہے، شمالی بحیرہ عرب میں کمبائنڈ ٹاسک فورس 150 کے ساتھ کامیاب آپریشن پاک بحریہ کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا عکاس ہے، صدر مملکت کا پاکستان کی بحری حدود کی حفاظت اور سمندر میں غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف پاک بحریہ کے کردار کی تعریف کی ۔ جبکہ صدر زرداری نے چھاتی کے سرطان کے خلاف عالمی دن پر پیغام میں کہا کہ  جنوبی ایشیائی ممالک  اور کم اور درمیانی آمدنی والے ممالک میں خواتین میں موت کی سب سے بڑی وجہ  چھاتی کا کینسر ہے۔ بڑی وجہ خواتین میں چھاتی کے کینسر سے متعلق آگاہی کی کمی ہے۔ بیماری کی دیر سے تشخیص موت کی شرح میں کافی اضافہ کرتی ہے۔ مزید یہ کہ معاشی رکاوٹیں بہت سے لوگوں کو مطلوبہ علاج میں آڑے آتی ہیں۔ پاکستانی خواتین کو چھاتی کے کینسر کے بارے میں آگاہی دینے، باقاعدگی سے اپنا معائنہ کرنے اور میموگرافک اسکریننگ کے لیے وسیع تر کوششوں کی ضرورت ہے۔ ہمیں اس بات کو یقینی بنانے کی ضرورت ہے کہ ہماری خواتین کو اسکریننگ اور جلد تشخیصی خدمات تک رسائی حاصل ہو، جو چھاتی کے کینسر کا جلد پتہ لگانے اور جان بچانے میں اہم ہیں۔ میں پرنٹ، الیکٹرانک اور سوشل میڈیا پر زور دینا چاہوں گا کہ وہ لوگوں کو بریسٹ کینسر کے بارے میں آگاہ کریں تاکہ ہزاروں قیمتی جانیں بچائی جاسکیں۔ مجھے امید ہے ہم پاکستان میں چھاتی کے کینسر سے ہونے والی اموات کی شرح کو کم کرنے میں کامیاب ہوں گے۔

مزیدخبریں