قومی ٹیم کے سپنر اور انگلینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ کے ہیرو ساجد خان نے اپنے خوشی منانے کے منفرد انداز سے متعلق وضاحت کی ہے۔ ساجد خان نے ملتان ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں 7 اور دوسری اننگز میں دو وکٹیں حاصل کی اور میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ میچ کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے 31 سالہ ساجد خان کا کہنا تھا پچھلی کئی سیریز ہم ہار رہے تھے یا برابر کھیل رہے تھے، ایسے میں اس جیت سےخوشی ملی ہے۔
ساجد خان کا کہنا تھا نعمان علی پوری ٹیم میں سب سے زیادہ تجربہ کار کھلاڑی ہیں، نعمان علی سے مجھے بہت مدد ملی۔ پنڈی سٹیڈیم کی وکٹ کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر ساجد خان نے کہا کہ پنڈی کی پچ سپن ہو گی یا نہیں یہ وہاں کے گراؤنڈ سٹاف کو پتا ہو گا۔قومی سپنر کا کہنا تھا ہمارا پلان تھا کہ جو روٹ کی وکٹ مل گئی تو ہم مزید دباؤ ڈالیں گے اور پھر ہم نے اپنے پلان کے مطابق انگلش ٹیم پر پریشر ڈالا جس کا فائدہ ہوا۔ اپنے منفرد جشن کے حوالے سے ساجد خان کا کہنا تھا میرا جشن کا سٹائل شروع سے ہی ایسا ہے، کبڈی مجھے پسند ہے، یہ اس کا ہی سٹائل ہے۔