کراچی میں ہولناک واردات؛ ماں بیٹی بہو اور نواسی کی گلا کٹی لاشیں برآمد‘ گھر کا سربراہ گرفتار

صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں ہولناک واردات کے نتیجے میں قتل کی جانے والی ماں بیٹی بہو اور نواسی کی گلا کٹی لاشیں برآمد ہوئی ہیں، پولیس نے شک پر گھر کے سربراہ کو گرفتار کرلیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق شہر قائد کے علاقہ لی مارکیٹ میں رہائشی عمارت کے فلیٹ سے 4 خواتین کی گلا کٹی لاشیں برآمد ہوئیں، ریسکیو نے لاشوں کو ہسپتال منتقل کر دیا، قتل کی جانے والی خواتین میں ماں، بیٹی، نواسی اور بہو شامل ہیں، جن کی شناخت 18 سالہ مدیحہ، 19 سالہ عائشہ، 50 سالہ شہناز اور علینہ کے ناموں سے ہوئی، چاروں خواتین کے جسم پر تشدد کے نشانات پائے گئے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ رہائشی عمارت کی ساتویں منزل پر واقع فلیٹ میں پیش آیا جہاں چاروں خواتین کی لاشیں الگ الگ کمروں سے برآمد ہوئیں، چاروں خواتین کو تیز دھار آلے سے تشدد کے بعد قتل کیا گیا ہے، کرائم سین یونٹ نے موقع پر پہنچ کر شواہد اکھٹے کرلیے اور تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے جب کہ گھر کے سربراہ محمد فاروق نے بتایا کہ واردات کے وقت وہ اور اس کے دونوں بیٹے گھر پر موجود نہیں تھے، گھر کی خواتین کو کس نے قتل کیا ہے؟ اس بارے میں انہیں کسی پر شک نہیں ہے بتایا گیا ہے کہ پولیس کی جانب سے رہائشی عمارت اور نالے کے اطراف چیکنگ کی گئی اور پولیس نے شک کی بنیاد پر گھر کے سربراہ اور بیٹوں کو حراست میں لے لیا ہے، زیر حراست افراد کے بیانات قلمبند کیے جائیں گے، تحقیقات کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے پڑوسیوں کے بیانات بھی لیے جائیں گے، عمارت کے باہر کئی عمارتوں پر کیمرے موجود ہیں جن سے فوٹیجز حاصل کی جا رہی ہیں اس کے علاوہ پولیس نے لاشوں کو پوسٹ مارٹم کیلئے بھیج دیا جس کی رپورٹ کا انتظار ہے۔

ای پیپر دی نیشن