متحدہ عرب امارات میں اماراتی فیڈریشن آف امیگریشن اینڈ کسٹمز اتھارٹی کی جانب سے بھارت کے لیے ویزا فری انٹری کی سہولت کا اعلان کیا گیا ہے۔
غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق ایسے بھارتی شہری جن کے پاس کارآمد شنگین یا امریکہ کا رہائشی ویزا ہو گا انہیں مقررہ فیس کی ادائیگی کے بعد امارات کا ویزا جاری کیا جاسکے گا۔
امارات الیوم کے مطابق اتھارٹی کے ڈائریکٹر بریگیڈئیر سھیل سعید الخییلی نے بتایا کہ بھارتی شہریوں کے لیے ویزا پالیسی میں کی گئی تبدیلی کا مقصد دوطرفہ طویل المدتی سٹراٹیجک تعلقات ہیں۔ ویزے کے ضوابط میں نرمی سے سیاحت کو بھی مزید فروغ حاصل ہوگا۔
اتھارٹی نے ویزا فیس کے حوالے سے بتایا کہ اماراتی کابینہ کی جانب سے اس حوالے سے جن ضوابط کی منظوری دی گئی ہے ان کے مطابق بھارتی شہریوں کو جن کے پاس امریکہ کا رہائشی ویزا یا گرین کارڈ ہو یا یورپی یونین کا کارآمد ویزا ہو انہیں 14 دن کا ویزا 100 درھم میں جاری کیا جائے گا۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ اگر کسی کوویزے میں توسیع کرانی ہے تو 14 دن کی توسیع 250 درھم میں کردی جائے گی جبکہ 60 دن کے ویزے کی فیس 250 درھم مقرر کردی گئی ہے۔
اس سے قبل متحدہ عرب امارات میں ملازمت کے لیے آنے والے غیر ملکی کارکنوں کے لئے اہم ہدایات جاری کردی گئیں، ملک میں آنے والے غیرملکی کارکنوں کو چار لازمی طبی ٹیسٹ کرانے ہوں گے۔