اگر ترامیم ہو گئیں پھر پی ٹی آئی نے رونا دھونا شروع کیا تو ذمہ دار خود ہوگی، بلاول بھٹو زرداری

Oct 19, 2024 | 18:55

 پاکستان پیپلزپارتی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی اور جے یو آئیف میں آئینی ترمیم پر اتفاق ہو گیا ہے، میں چاہتاہوں آئینی ترمیم کا مسودہ ایوان میں مولانا فضل الرحمان خود پیش کریں، امید کرتا ہوں مولانا فضل الرحمان پی ٹی آئی کو بھی قائل کرلیں گے، میڈیا کو بتا رہا ہوں اگر ترامیم ہو گئیں پھر پی ٹی آئی نے رونا دھونا شروع کیا تو ذمہ دار پی ٹی آئی ہوگی۔ 

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کا پارلیمان آئین سازی کا عمل تیزی سے آگے بڑھائے گا، مولانا فضل الرحمان کے ساتھ آئینی ترمیم کے معاملے میں مسلسل رابطے میں رہا، پیپلزپارٹی اور جے یو آئی کا جوڈیشل ریفارمز پر 100 فیصد اتفاق ہے۔ بلاول بھٹو زرداری کہتے ہیں کہ مولانا پی ٹی آئی کو آئینی ترمیم کے ڈرافٹ پر راضی کر سکتے ہیں، پی ٹی آئی نے اب ثابت کرنا ہے کہ وہ ایک سیاسی جماعت ہے، پی ٹی آئی ثابت کرے وہ سیاسی جماعت ہیں سوشل میڈیا کا لشکر نہیں، سیاست میں کوئی بھی سو فیصد کامیابی حاصل نہیں کرتا، سیاست کمپرومائز اور اتفاق رائے ڈھونڈنے کا نام ہے، ہم سے سیاسی طور پر جو ممکن ہو سکتا تھا کرلیا، اگر پی ٹی آئی نے پھر رونا دھونا کیا تو پھر قصور ان کا ہی ہوگا ہم آئینی ترمیم کر کے ہی چھوڑیں گے۔سابق وزیر خارجہ نے کہا کہ حکومت مجھے طعنہ مار رہی کہ ووٹ ہمارے پورے ہیں آپ تاخیر کیوں کررہے ہیں، حکومت نے صبر کی انتہا کر دی ہے امید ہے پی ٹی آئی کا وفد جلد یہاں آئے گا، پی ٹی آئی کم از کم مولانا فضل الرحمٰن کے مسودے پر تو ووٹ دے، اگر تحریک انصاف نے آئینی ترمیم پر مثبت سگنل نہ دیا تو پھر اس کے بعد جو کچھ ہوگا اس کی ذمہ دار پی ٹی آئی خود ہوگی، اتفاق رائے کے بجائے ممبران کی اکثریت کے دباؤ سے ترمیم ہوتی ہے تو یہ تکنیکی طور پر جیت کر بھی پارلیمنٹ کی شکست ہوگی۔

مزیدخبریں