ماسکو (اے پی پی) روس نے مشرقی یورپ میں میزائل دفاعی حصار قائم کرنے کا منصوبہ ترک کرنے کے امریکی اعلان کے جواب میں لینن گراڈ میں درمیانے فاصلے تک مار کرنے والے سکندر میزائلوں کی تنصیب کا منصوبہ ختم کرنے کا اعلان کر دیا۔ روسی فوجی حکام کے مطابق اس اقدام کا مقصد امریکی صدر اور ان کی انتظامیہ کی طرف سے ایک اچھے فیصلے کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔ امریکہ کی جانب سے یورپ میں میزائل دفاعی نظام کامنصوبہ ترک کرنے کے بعد نیٹو کے سیکرٹری جنرل اینڈ رزفوگ راسموسن نے ہم آہنگی کی بنیاد پر عالمی دفاعی منصوبے کی تجویز پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ روس، نیٹو اور امریکہ کو مشترکہ دفاع کیلئے میزائل دفاعی نظام کو آپس میں منسلک کرنا چاہئے۔