لیبیا: سرت پر دوسرا حملہ بھی ناکام، نیٹو بمباری سے مرنےوالوں کی تعداد 360ہو گئی

طرابلس/ بن غازی (آئی این پی) لیبیاکے روپوش لیڈر معمر قذافی کی حامی فوج نے ان کے آبائی قصبے سرت پرکئی گھنٹے کی خونریز جھڑپوں کے بعد باغیوں کا بڑاحملہ پسپاکردیاجبکہ نیٹوکے لڑاکاطیاروں کی بمباری سے 360 سے زائد شہری ہلاک اور درجنوں عمارات تباہ ہوگئیں۔ 17 روز میں نیٹوکے لڑاکاطیاروں کے حملوں میں ہلاک ہونیوالوں کی تعداد 2000 ہوگئی۔ معمرقذافی کے ترجمان موسیٰ ابراہیم نے دعویٰ کیا ہے کہ معمرقذافی بدستورملک میں موجود اور فوج کی رہنمائی کررہے ہیں ،عبوری کونسل کی فوج نے سرکاری فورسز کو ہتھیار ڈالنے کی ڈیڈلائن دیتے ہوئے متنبہ کیا ہے کہ وہ آخری مہلت سے فائدہ اٹھائیں، باغیوںکے زیرقبضہ شہر بن غازی میں معمولات زندگی معمول پر آگئے۔ معمر قذافی کے دورکا نصاب اورہفتہ کی چھٹی بھی ختم کردی گئی۔ عرب ٹی وی کے مطابق اتوار کو لیبیا کی قومی عبوری کونسل کے ہزاروں جنگجو ایک مرتبہ پھر قذافی کے آبائی شہر سرت پر قبضے کیلئے بھرپور حملے کے بعد پسپا ہو گئے ،گزشتہ روز سرت پر باغیوں نے ایک بھرپور حملہ کیا تھاجہاں قذافی کی وفادار فورسز نے شدید مزاحمت دکھائی جس پر عبوری کونسل کی فوج کو واپس بلالیا گیا۔ باغیوں نے سرت کے علاقے نمبر ایک میں واقع ضیافہ محل پر قبضہ کرلیا تھا اور وہاں سے قذافی کے وفاداروں کو شہر کے وسط کی جانب پیچھے ہٹنے پر مجبور کردیا تھا لیکن دوسرے علاقوں میں شدید لڑائی ہوئی، پسپائی کے بعد باغی فوج نے ضیافہ محل بھی خالی کردیا۔ سرت پر فوجی کارروائی کی ذمہ دار مصراتہ فوجی کونسل کے ایک رکن کمانڈر سالم جحا نے کہا کہ ہم اب شہر اور اس کے نواحی علاقے وادی ابوہادی میں قذافی کی فورسز کے زیر قبضہ بعض عمارتوں پر اپنی توجہ مرکوز کررہے ہیں۔ کمانڈر نے دعویٰ کیا کہ سرت کے ہوائی اڈے پرعبوری کونسل کی فوج کا مکمل کنٹرول ہے اور قذافی کی فورسز کیلئے اب مزاحمت کو جاری رکھنے کا کوئی امکان نہیں رہا۔ انہوں نے کہا کہ این ٹی سی کی بارہ سو گاڑیوں پر سوار ہزاروں جنگجوﺅں نے سرت کا محاصرہ کررکھا ہے۔ لیبیائی فوج کے ایک سابق افسر اور اب باغیوں کے کمانڈر لیفٹیننٹ عبدالواحد الجوری نے کہا ہم نے سرت کے جنوبی حصے پر قبضہ کرلیا ہے اور ہائی وے پر بھی ہمارا کنٹرول ہے۔ دریں اثناءکرنل معمر قذافی کے ترجمان موسیٰ ابراہیم نے ایک بیان میں کہا ہے کہ معزول صدر لیبیا ہی میں ہیں اور وہ عبوری حکومت کے خلاف جنگ میں خود فوج کی رہنمائی کررہے ہیں۔ قذافی کے وفادار فوجیوں کے پاس کافی مقدار میں ہتھیار موجود ہیں اور وہ مہینوں لڑائی جاری رکھ سکتے ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ سرت پر نیٹو کے جنگی طیاروں کی تازہ بمباری میں 360 سے زائد شہری ہلاک ہوگئے ہیں نیٹو ترجمان نے بتایا کہ نیٹو کے جنگی طیارے رہائشی عمارتوں اور ہوٹلوں کو نشانہ بنارہے ہیں۔ ادھر عبوری کونسل کی فوج کے ترجمان احمدبنی نے معمرقذافی کی وفادار فورسز کو ہتھیارڈال کر عبوری کونسل کی حامی فوج میں شامل ہونے کی پیشکش کردی ہے۔ طرابلس سے جاری بیان میں فوجی ترجمان نے بتایا کہ سرکاری فورسز اس مہلت سے فائدہ اٹھائیں کیونکہ اس کے بعد کوئی رعایت نہیں دی جائےگی۔
لیبیا/ لڑائی

ای پیپر دی نیشن