القاعدہ نے امریکی سفارتخانوں پر حملوں کی کال دیدی ‘ پاکستان میں پبلک ڈیلنگ بدستور بند

Sep 19, 2012

لاہور + اسلام آباد + دبئی (نوائے وقت رپورٹ + ایجنسیاں) شمالی افریقہ میں القاعدہ سے وابستہ گروپ نے مسلمانوں پر زور دیا ہے کہ گستاخانہ فلم کے خلاف بطور احتجاج امریکی سفارتخانوں پر دھاوا بول دیں اور مسلم ممالک میں امریکی سفیروں کو ہلاک کر دیں۔ مانیٹرنگ گروپ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکی سفارتخانوں پر لہراتے ہوئے پرچموں کو اتار کر پا¶ں تلے روند ڈالیں، انہیں جلا دیں اور امریکی سفیروں کو قتل کر دیں تاکہ مسلم ممالک کی سرزمین ان کی گندگی سے پاک ہو جائے۔ علاوہ ازیں توہین آمیز فلم کےخلاف احتجاج میں شدت آنے کے بعد امریکہ نے پاکستان میں میں اپنے سفارتخانے اور قونصل خانوں میں پبلک ڈیلنگ غیر معینہ مدت کےلئے بند کر دی۔ سفارتخانے کے ترجمان نے کہا ہے کہ پبلک ڈیلنگ غیر معینہ مدت کے لئے بند کی گئی ہے اور صورتحال کا بغور جائزہ لیکر پبلک ڈیلنگ کھولنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔ حفاظتی اقدامات کے پیش نظر سفارتخانے اور قونصل خانوں کی عمارتوں کے اطراف میں پولیس کی بھاری نفری تعینات کر کے بیریئرز اور خاردار تاریں بچھا کر انہیں سیل کر دیا گیا ہے ۔ صوبائی دارالحکومت میں قونصل خانے کی عمارت کی اطراف سے گزرنے والی مرکزی شاہراہ کو بیریئرز لگا کر اور خاردار تاریں بچھا کر بند کر دیا گیا۔ کراچی میں قائم امریکی قونصل خانے میں تمام قسم کے ویزا آپریشن معطل کر دئیے گئے جبکہ کراچی، لاہور اور اسلام آباد میں پبلک سروس معطل رہی۔ ذرائع کے مطابق قونصل خانے میں تعینات پاکستانی عملے کو چھٹیوں پر بھیج دیا گیا جبکہ قونصل خانے میں کام کرنے والے امریکی عملے کو محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔ ادھر ترجمان امریکی محکمہ خارجہ وکٹوریہ نولینڈ نے کہا ہے کہ پاکستان میں مظاہروں کو مانیٹر کر رےہ ہیں، امریکی عملہ محفوظ ہے۔ لاہور، کراچی اور پشاور میں سفارتخانے بند رہے، اسلام آباد میں سفارتخانہ کھلا رہا، مظاہروں میں پاکستانی حکومت کا سکیورٹی نظام بہترین رہا۔

مزیدخبریں