لاہور (این این آئی) شریف فیملی کے ترجمان سلمان شہباز نے کہا ہے کہ اگر ہمارا خاندان ایک پائی کا بھی ڈیفالٹر ہو یا سیاسی بنیادوں پر قرضے معاف کرانا ثابت ہو جائے تو میں آج سے اپنا تمام کاروبار بند کر دوں گا، عمران 7 ارب کا پاور پلانٹ لگانے کی بات کرتے ہیں اگر اللہ تعالیٰ مجھے توفیق دے تو میں پاکستان میں 700 ارب کے پاور پلانٹس لگاﺅں گا، شریف فیملی 1930ءسے پاکستان میں کاروبار کر رہی ہے ایک رائیونڈ تو کیا شاید اللہ تعالیٰ نے ہمیں ایسے دس رائیونڈ کی توفیق دی ہو، عمران کے پاس الزامات کے سوا کوئی ایجنڈا نہیں اور اب تو انکی اپنی پارٹی کے لوگ پریشان اور بیمار ہو گئے ہیں اور لگتا ہے عمران کی بند گلی میں داخل ہونےوالی سیاست کے لئے ریسکیو مشن بھجوانا پڑے گا۔ ایک انٹر ویو میں سلمان شہباز نے کہا کہ عمران خان کا تیس سے چونتےس روز کا ایجنڈا سب کے سامنے ہے جس میں انہوں نے صرف شریف فیملی پر الزامات اور لعن طعن کی ہے ۔ عمران الزامات تو لگاتے ہیں لیکن ثبوت فراہم نہیں کرتے۔ وہ شریف خاندان کے اثاثے ڈیکلیر کرنے کی بات کرتے ہیں تو میں بتانا چاہتا ہوں کہ رائے ونڈ کی رہائشگاہ سمیت تمام اثاثے ڈیکلیر ہیں۔ ہماری جھنگ میں کوئی شوگر مل نہیں اور وہ جس شوگر مل کی بات کر رہے ہیں وہ چنیوٹ میں ہے۔ پولٹری کی صنعت میں ہمارے اوپر مناپلی کا الزام لگایا جاتا ہے تو میں واضح کرنا چاہتا ہوں کہ اس سیکٹر میں ہمارا شیئر 0.1 فیصد ہے اور اتنا شیئر رکھنے والا کس طرح مناپلی کر سکتا ہے اسی طرح دودھ میں ہمارا 0.001 فیصد شیئر ہے۔ ہم نے پاکستان میںہی کاروبار کرنا ہے، ٹیکس دینا ہے اور یہیں ہماری قبر بننی ہے۔
سلمان شہباز