پشاور: ایف سی اہلکار کی فائرنگ سے طالب علم جاں بحق، دھماکوں، حملوں میں 9 افراد زخمی

پشاور (نوائے وقت رپورٹ+ این این آئی) حیات آباد فیز سیون پشاور میں ایف سی اہلکار کی  فائرنگ سے طالبعلم ساجد اللہ جاں بحق ہو گیا۔ اشارے پر نہ رکنے پر ایف سی اہلکار نے گاڑی میں سوار نوجوان کی کار پر اندھا دھند فائرنگ کی۔ ساجد اللہ پشاور یونیورسٹی کا طالبعلم تھا۔ پولیس نے کہا ہے ایف سی اہلکار کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا ہے۔ لواحقین نے تاتارہ تھانے کا گھیراؤ کیا اور شدید نعرے بازی کی۔ ساجد  کے  بھائی  عابداللہ کے مطابق ساجداللہ پشاور یونیورسٹی کے فائنل ایئر کا طالبعلم تھا۔ عابداللہ کا کہنا ہے واقعہ  سے  لگتا  ہے  ایف سی اہلکار میرے بھائی  کو اغوا کرنیکی کوشش کر رہا تھا۔ ادھر پشاور کے مختلف علاقوں میں ہونیوالے دستی بم حملوں اور بارودی مواد دھماکوںکے نتیجے میں 9افراد زخمی ہو گئے۔ پولیس کے مطابق پشاورکے علاقہ بڈھ بیر میں گھر پر ہینڈ گرینڈ حملے میں پانچ بچے زخمی ہو گئے، دوسرا واقعہ کریم پور ہ میں پیش آیا جہاں سلنڈر دھماکے کے نتیجے میں دو افراد زخمی ہوئے، پولیس کے مطابق پھندو کے علاقہ میں بھی گھر پر ہینڈگرینڈ حملہ کیا گیا جس کے نتیجے میںدوافراد زخمی ہو گئے۔ چوتھا واقعہ پہاڑی پور کے علاقے میںپیش آیا جہاں پر نامعلوم تخریب کاروں نے افسرنامی شخص کے گھر کے قریب بارودی مواد نصب کیا تھا جو زوردار دھماکہ سے پھٹ گیا۔ دھماکے کے نتیجے میں گھرکو جزوی نقصان پہنچا تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

ای پیپر دی نیشن