مذاکرات بحالی میں کارکنوں کی گرفتاریاں اور مقدمات رکاوٹ ہیں

Sep 19, 2014

اسلام آباد (محمد نواز رضا/وقائع نگار خصوصی) اپوزیشن جماعتوں کے سیاسی جرگہ نے حکومت عوامی تحریک اور تحریک انصاف کی قیادت کو 11 نکاتی تجاویز پیش کرکے معاہدہ کو ’’جیت جیت‘‘  WIN WIN) )  میں تبدیل کرنے کا موقع فراہم کردیا ہے تاہم حکومت تحریک انصاف اور عوامی تحریک کے درمیان مذاکرات کی بحالی کی راہ میں دونوں جماعتوں کے کارکنوں کی گرفتاریاں اور مقدمات رکاوٹ ہیں۔ دونوں جماعتوں کے دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر گرفتار کئے گئے بیشتر ارکان کو رہائی مل چکی ہے تاہم پی ٹی وی اسلام آباد سنٹر کینٹ ڈویژن پر حملے میں ملوث کارکنوں کی گرفتاریوں سے حکومت اور تحریک انصاف و عوامی تحریک کے درمیان ڈیڈ لاک پایا جاتا ہے جسے سیاسی جرگہ کے ارکان ختم کرانے کی کوشش کررہے ہیں۔ سیاسی جرگہ کے ارکان نے جمعرات کی شب سید خورشید شاہ کی رہائش گاہ پر پارلیمانی جماعتوں کے قائدین سے ملاقات کی ہے جو رات گئے جاری رہی۔ اس موقع پر میاں رضا ربانی بھی موجود تھے۔ ذرائع کے مطابق سیاسی جرگہ نے پارلیمانی جماعتوں کے قائدین کو اپنی 11نکاتی تجاویز سے آگاہ کیا اور کہا کہ وزیراعظم محمد نوازشریف نے ان کی تجاویز قبول کرنے کا عندیہ دیا ہے۔

مزیدخبریں