ملک بچانے کیلئے کرپشن کے سیاسی ایٹم بم ناکارہ بنائے جائیں: طاہر القادری

Sep 19, 2015

لاہور (خصوصی نامہ نگار) پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا ہے کہ دہشتگردی کے مکمل خاتمہ کی راہ میں ظالم نظام اور کرپٹ حکومت سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔ ملک بچانے کیلئے کرپشن کے سیاسی ایٹم بم ناکارہ بنائے جائیں، لنگڑی جمہوریت کسی مرض کی دوا نہیں، پارلیمنٹ عضو معطل ہے اس کا کٹھ پتلی کردار بھی نظر نہیں آرہا۔ خاندانی اقتدار اور کچن کیبنٹ کے حکومتی کلچر نے ملک تباہ کر دیا۔ معاشی دہشتگردی کا خاتمہ قومی ایکشن پلان کا حصہ ہے، 150بڑی مچھلیوں اور ان کے سہولت کاروں کو پکڑا جائے، سانحہ ماڈل ٹائون پرصبر کا مزید امتحان نہ لیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پارٹی کے سنٹرل کور کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں پشاور دہشتگردی کی شدید الفاظ میں مذمت اور بے گناہ افراد کی شہادتوں پر افسوس کا اظہار جبکہ ایک قرارداد کے ذریعے دہشتگردوں کا مقابلہ کرتے ہوئے شہادت قبول کرنے والے فورسز کے افسران کو ان کی جرأت و بہادری پر خراج تحسین پیش کیا گیا۔

مزیدخبریں