بھکر، پاکپتن، گجرات میں بلدیاتی امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی سکروٹنی مکمل

Sep 19, 2015

لاہور (نامہ نگاران) بھکر، پاکپتن، گجرات سمیت کئی اضلاع میں بلدیاتی امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی سکروٹنی کا عمل گزشتہ روز مکمل ہو گیا۔ بھکر سے نامہ نگار کے مطابق ضلع بھکر میں چیئرمین/ وائس چئیرمین سمیت جنرل کونسلرز کے 1798 بلدیاتی الیکشن کے امیدواروں کی سکرونٹی/ اعتراضات کا عمل مکمل ہوگیا۔ بورے والا سے نامہ نگار کے مطابق بورے والا میں بلدیاتی انتخابات میں آزاد امیدواروں نے پینا فلیکسوں پر جنرل راحیل شریف کی تصاویر لگا کر انتخابی مہم شروع کر دی۔ آزاد امیدواراں نے سیاسی قائدین کی بجائے جنرل راحیل شریف کی تصاویر لگانا شروع کر دی ہیں جبکہ مسلم لیگ (ن) کی جانب سے پارٹی ٹکٹ نہ ملنے پر بعض ناراض لیگی امیدواران نے بھی چیف آف آرمی سٹاف کی عوام میں مقبولیت کا فائدہ اُٹھانے کیلئے اپنی تشہیری مہم میں اُن کی تصاویر لگانا شروع کر دی ہیں۔ پاکپتن سے نامہ نگار کے مطابق بلدیاتی انتخابات کے لئے ضلع بھر میں جانج پڑتال اور سکروٹنی عمل مکمل کر لیا گیا۔پاکپتن کو 54 دیہی یونین کونسلوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ تحصیل عارف والا میونسپل کمیٹی کے لیے 34 وارڈز بنائے گئے ہیں جس کے لیے 186 جنرل کونسلرز امیدوارں نے کاغذات نامزدگی جمع کروائے تھے جس میں سے 13 جنرل کونسلرز کے کاغذات مسترد کر دئے گئے۔گجرات سے نامہ نگار کے مطابق بلدیاتی الیکشن کی سکروٹنی کے عمل کے دوران چیئرمین اور وائس چیئرمین کے امیدواران کے 5پینلز کے کاغذات نامزدگی مسترد کردیئے گئے۔اے پی پی کے مطابق جہلم ضلع کی 44 یونین کونسلوں میں چیئرمین اور وائس چیئرمین کی نشستوں کے مجموعی طور پر207 اور جنرل کونسلرز کی نشستوں کے لئے 1067امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں ۔

مزیدخبریں