وزیراعظظم‘ آرمی چیف اور ائرچیف کی پشاور آمد
اسلام آباد (آن لائن + آئی این پی) وزیر اعظم نواز شریف نے بڈھ بیر ائیر بیس پر حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گرد بزدلانہ کارروائیوں سے ہمارے حوصلے متزلزل نہیں کر سکتے۔ کیپٹن اسفند یار جیسے بہادر جوانوں کی شہادت پر فخر ہے ان کی قربانیاں رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔ آخری دہشت گرد کے خاتمے تک آپریشن ضرب عضب جاری رہے گا، پوری قوم مسلح افواج کی پشت پر کھڑی ہے۔ دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے۔ دہشت گردوں کے ائیربیس حملے کے بعد وزیر اعظم نواز شریف سے وزیر داخلہ چودھری نثار نے ملاقات کی جس میں پشاور میں بڈھ بیر ایئر بیس پر حملے سمیت ملک کی داخلی سکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیا ل کیا گیا۔ دونوں رہنماﺅں نے ائیر بیس حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور ملک سے دہشت گردی کے خاتمے تک آپریشن ضرب عضب اور قومی ایکشن پلان کے تحت کارروائیاں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ وزیر داخلہ نے وزیر اعظم نواز شریف کو بڈھ بیر ائربیس پر دہشت گردوں کے حملے میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے کردار سے متعلق آگاہ کیا اور کہا کہ دہشت گردوں کا حملہ شکست خوردہ ذہنیت کا عکاس ہے۔حملے میں سکیورٹی فورسز کی کامیابی پیشہ وارانہ مہارت اور تیاری کی مثال ہے۔ سکیورٹی فورسز نے دہشت گردی کے حملے کو ناکام بنا کر ثابت کر دیا ہے کہ ہماری افواج ہر قسم کے چیلنج سے نمٹنے کیلئے تیار رہتی ہے۔ دونوں رہنماﺅں نے ائیر بیس حملے میں شہید ہونے والے کیپٹن اسفند یار بخاری کو خراج عقیدت پیش کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ دہشت گرد اپنے زندہ ہونے کا تاثر دینے کیلئے بزدلانہ کارروائیاں کررہے ہیں۔ دہشت گردوں کے خلاف آپریشن ضرب عضب کامیابی سے جاری ہے، جلد دہشت گردوں کا خاتمہ کردیا جائے گا۔ اس حملے کے بعد وزیراعظم نواز شریف فوری طور پر پشاور پہنچے۔ دوسری جانب آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے پاک فضائیہ کے سربراہ ائر چیف مارشل سہیل امان نے ملاقات کی۔ ملاقات میںبڈھ بیر ائیر بیس پر دہشت گردوںکے حملے اور سکیورٹی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں رہنماﺅں نے دہشت گردی کے خاتمے تک آپریشن جاری رکھنے کا عزم کا اظہار کیا۔ حملے کے بعد آرمی چیف جنرل راحیل شریف اور پاک فضائیہ کے سربراہ سہیل امان پشاور پہنچے جہاں دونوں عسکری سربراہوں نے ملاقات کی۔ اس موقع پر کور کمانڈر پشاور ہدایت الرحمن بھی موجود تھے جنہوں نے ائربیس حملے میں شہادتوں اور دہشت گردوں کی ہلاکت کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ دونوں عسکری سربراہوں نے دہشت گردوں کے بزدلانہ حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے عزم کا اظہار کیا کہ ملک سے دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکا جائےگا اور آخری دہشت گردی کے خاتمے تک آپریشن ضرب عضب جاری رہے گا۔دونوں رہنماﺅں نے کہا کہ ائیر بیس پر حملے میں ملوث دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائیگا اور دہشت گردوں کے خلاف فضائی کارروائیوں کو مزید تیز کیا جائیگا۔ وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان نے پشاور میں پاکستان ائر فورس کے کیمپ پر دہشت گردوں کے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ بزدلانہ حملہ دہشت گردوں گکی شکست خوردہ ذہنیت کا عکاس ہے دہشت گردی کے خلاف جنگ اپنے منطقی انجام تک جاری رہے گی۔
پشاور (اے پی پی/ نوائے وقت رپورٹ) چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف اور پاک فضائیہ کے سربراہ ائر چیف مارشل سہیل امان نے کمبائنڈ ملٹری ہسپتال (سی ایم ایچ) پشاور کا دورہ کیا اور زخمی جوانوں کی عیادت کی۔ ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل عاصم سلیم باجوہ کی ٹوئیٹ کے مطابق زخمی سپاہیوں کا حوصلہ اور جذبہ بلند تھا۔ آرمی چیف اور ائر چیف نے بڈھ بیر کیمپ کا بھی دورہ کیا اور آپریشن میں حصہ لینے والے جوانوں کے ساتھ ملاقات کی۔ نجی ٹی وی کے مطابق وزیراعظم نواز شریف نے سی ایم ایچ پشاور میں زخمیوں کی عیادت کی ان کے ساتھ آرمی چیف، کور کمانڈر پشاور ہدایت الرحمٰن، وزیر دفاع خواجہ آصف بھی موجود تھے۔ وزیراعظم نے ایک ایک زخمی کے پاس جا کر ان کی خیریت دریافت کی۔ نجی ٹی وی کے مطابق 29زخمیوں میں 4 کی حالت نازک ہے۔ آرمی چیف نے پاک فوج جوانوں کے بلند حوصلے کی تعریف کی۔
جلد دہشت گردوں کا خاتمہ کر دینگے‘ نوازشریف : کارروائیاں مزید تیز کی جائیں گی : جنرل راحیل ‘ سہیل امان
Sep 19, 2015