جنگ ستمبر : پاک فوج نے ٹینکوں کی لڑائی میں بہادری کے ناقابل فراموش جوہر دکھائے : غلام دستگیر

Sep 19, 2015

گوجرانوالہ(نمائندہ خصوصی) بزرگ مسلم لیگی رہنما و سابق وفاقی وزیر خان غلام دستگیر خان نے 65ءکی جنگ کے حوالے سے گفتگو میں کہا ہے کہ 1965 ءکی جنگ طاقت سے نہیں جذبہ سے لڑی گئی‘قوم نے بھرپور یکجہتی کا مظاہرہ کیا اور دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا۔ نوائے وقت سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے خان غلام دستگیر خان نے کہا کہ بھارت کیخلاف جنگ کے وقت میری عمرپچیس چھبیس سال کے درمیان تھی اور دوسرے نوجوانوں کی طرح میں بھی پرجوش انداز میںپاک فوج کوضروریات زندگی کی اشیاءپہنچانے کے لئے بھرپور طریقہ سے کام کرتا رہا‘ جب بھی جی ٹی روڈ سے پاک فوج کا کوئی قافلہ گزرتا تو بوڑھے‘ جوان بچے سبھی اکٹھے ہو جاتے اور اللہ اکبر کے نعروں سے پوری فضا گونج اٹھتی۔انہوں نے کہا کہ اس جنگ میں قوم نے جس جوش جذبہ اوراتحاد کا مظاہرہ کیا اگر یہی جذبہ دوبارہ پیدا ہوجائے تو دنیا کی کوئی طاقت پاکستان کو نقصان نہیں پہنچا سکتی۔انہوں نے کہا کہ ہمارے فوجیوں کے جذبے انتہائی بلند تھے اور کئی ایک مقامات پر پاک فوج کے سپاہی بغیر وردی اور پرانے اسلحہ کے ساتھ دشمن کے دانت کھٹے کرتے رہے۔ انہوں نے کہا کہ اس جنگ میں ٹینکوں کی لڑائی میں بہادری کے جو جوہر دکھائے گئے وہ ناقابل فراموش ہیں‘ شہادت کے جذبوں سے سرشار فوجی اپنے جسموں پر بم باندھ کر دشمن کے ٹینکوں کے آگے لیٹ گئے اور بھارت کے ناپاک عزائم کو ناکام بنا کر رکھ دیا۔ان کا کہنا تھا کہ سابق صدر ایوب نے جیتی ہوئی جنگ تاشقند میں ٹیبل پر ہاری تھی، بھارت کا مقابلہ صرف جذبوں سے ہی کیا جاسکتا ہے۔انہوں نے کہاکہ آج پھر65 والے جذبے کے ضرورت ہے‘ اگر قوم میں پھر یہ جذبہ پیدا ہوجائے تو طاقت میں زیادہ ہونے کے باوجود بھارت کا غرور خاک میں ملا کر رکھ دیں گے۔
غلام دستگیر

مزیدخبریں