لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعظم نوازشریف کے حلقہ اتخاب کی یونین کونسل 53 سے مسلم لیگ (ن) کے چیئرمین جاوید ججی بلامقابلہ منتخب ہو گئے۔ ان کے مدمقابل تحریک انصاف کے چیئرمین کے امیدوارجمشید اقبال کے کاغذات سکروٹنی میں مسترد ہو گئے۔ ریٹرننگ افسر نے تحریک انصاف کے چیئرمین کے امیدوار جمشید اقبال کا ووٹ یونین کونسل 53 کی بجائے یونین کونسل 54 میں ہونے پر جمشید اقبال کو نااہل قرار دیا۔ عادل عباسی وائس چیئرمین منتخب ہو گئے۔ جمشید اقبال کے نااہل ہونے کے بعد مسلم لیگ (ن) نے تحریک انصاف کے کونسلروں کو اپنے امیدوار جنرل کونسلروںکے حق میں دستبردار کروا لیا۔ نومنتخب اراکین میں چیئرمین جاوید احمد‘ وائس چیئرمین حافظ عادل عباسی‘ کونسلرز رانا عامر رشید‘ طالب حسین‘ عدنان بٹ‘ حر عباس‘ عمران پیا اور قیصر گجر شامل ہیں۔ نومنتخب اراکین کے اعزاز میں صوبائی وزیرخوراک بلال یٰسین کی زیرصدارت عوامی استقبالیہ کی تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر بلال یٰسین نے کہا کہ مسلم لیگی نمائندوں کا بلامقابلہ انتخاب پاکستان کی خالق جماعت پر عوام کے گہرے اعتماد اور محبت کا بین ثبوت ہے۔ صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ مسلم لیگ (ن) اور پنجاب کی عوام سانحہ پشاور کے شہداءکے ورثاء کے غم میں برابر کی شریک ہے‘ لیکن حکومت ان شہیداءکی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دے گی۔ نواز شریف کی قیادت میں ہم آخری دہشت گرد کے خاتمہ تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔
بلامقابلہ منتخب