ترقی کا راستہ روکنے کیلئے مارچ کرنا عام آدمی کیساتھ ظلم و زیادتی ہے : شہبازشریف

لاہور (خبر نگار) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے مارچ کرنا ہے تو آئیے میرے ساتھ ملکر تعلیم عام کرنے کیلئے مارچ کریں، میرٹ کو فروغ دینے کیلئے مارچ کریں۔ نوجوانوں کو بااختیار بنانے کیلئے مارچ کریں لیکن پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کا راستہ روکنے کیلئے مارچ کرنا عام آدمی کے ساتھ ظلم و زیادتی کے مترادف ہے اور پاکستان کے باشعور عوام کسی ایسے مارچ کا ساتھ نہیں دیں گے۔ پنجاب حکومت نے زندگی کے ہر شعبے میں میرٹ کے کلچر کو پروان چڑھایا ہے اور پنجاب حکومت کی میرٹ پالیسی کے باعث کم وسائل رکھنے والے طلبا و طالبات امتحانات میں نمایاں پوزیشن حاصل کررہے ہیں اور آج اسی میرٹ پالیسی کی وجہ سے محنت کشوں اور مزدوروں کے بچے و بچیاں تعلیمی میدان میں شاندار کارکردگی دکھا کر اشرافیہ کے بچے اور بچیوں پر سبقت حاصل کر رہے ہیں۔ قوم کے یہ ہونہار بچے و بچیاں پاکستان کا روشن مستقبل ہیں اور پنجاب حکومت کی میرٹ پالیسی نے ان بچے اور بچیوں کو آگے بڑھنے کا موقع فراہم کیا ہے۔ میں سمجھتا ہوں میرٹ کو جس طرح پنجاب حکومت نے ہر شعبے میں فروغ دیا ہے یہ اقدام ملک کو آگے لے جانے اور نوجوانوں کی صلاحیتوں کو جلا بخشنے میں اہم کردار ادا کررہا ہے۔ نوجوانوں کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا امتحانی نظام، پنجاب ایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈ، خودروزگار سکیم، چیف منسٹرز چائینیز لینگویج سکالرشپ پروگرام، شہباز شریف میرٹ سکالرشپ پروگرام اوردیگر پروگراموں میں صرف اور صرف میرٹ کو بنیاد بنایا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا محنت اور عزم سے ہی کامیابیاں ملتی ہیں۔ محنت سے کام کیا جائے تو کوئی پہاڑ بھی منزل کے حصول میں حائل نہیں ہو سکتا، محنت کی جائے تو مشکل مشکل نہیں رہتی اورکم وسائل بھی راستے میں حائل نہیں ہوتے اور میرا ایمان ہے محنت کے ذریعے معاشرے میں عزت و وقار کا مقام حاصل کیا جا سکتا ہے اور قوم کی تقدیر بھی بدلی جا سکتی ہے۔ مزید براں شہباز شریف سے گذشتہ روز چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل (ر) مزمل حسین نے ملاقات کی جس میں پن بجلی کے توانائی منصوبوں پر ہونے والی پیش رفت کے حوالے سے بات چیت ہوئی۔ شہباز شریف نے اس موقع پر کہا مسلم لیگ (ن) کی حکومت توانائی بحران کے خاتمے کیلئے بے پناہ محنت سے کام کر رہی ہے۔ لوڈشیڈنگ کے خاتمے کیلئے روایتی ذرائع کیساتھ متبادل ذرائع سے بھی بجلی کے حصول کے منصوبے تیزرفتاری سے مکمل کیے جا رہے ہیں۔ 2017ئ￿ کے اختتام پرتوانائی کے متعدد منصوبے مکمل ہونے سے ہزاروں میگاواٹ بجلی نیشنل گرڈ میں شامل ہو گی۔ موجودہ حکومت ملک سے لوڈ شیڈنگ ختم کرنے اور عوام کو سستی اور وافر بجلی فراہم کرنے کیلئے پرعزم ہے۔
شہباز شریف

ای پیپر دی نیشن