امریکہ : بم دھماکہ‘ چاقو سے وار‘ 38 افراد زخمی‘ نیویارک کارروائی دہشت گردی ہے : حکام‘ منی سوٹا حملے کی ذمہ داری داعش نے قبول کر لی

واشنگٹن (اے این این + اے ایف پی + نوائے وقت رپورٹ) امریکہ کے مختلف شہروں میں ہونے والے 2 حملوں میں 38 افراد زخمی ہو گئے جبکہ ایک حملہ آور کو ہلاک کر دیا گیا۔ ملک بھر میں سکیورٹی کو ہائی الرٹ کردیا گیا ہے۔ نیویارک کے علاقے مین ہٹن میں نابینا افراد کے مرکز کے قریب دھماکہ ہوا جس میں 29 افراد زخمی ہو گئے۔ اقوام متحدہ کا صدر دفتر بھی جائے وقوعہ سے کچھ فاصلے پر واقع ہے۔ امدادی ٹیموں کے اہلکاروں نے زخمیوں کو فوری طور پر قریبی ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔ بعدازاں تمام زخمیوں کو طبی امداد دے کر فارغ کر دیا گا۔ دھماکے کے فوری بعد امریکہ کے انسداد دہشت گردی اور ایف بی آئی کے اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچ گئے جبکہ پولیس نے پورے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ ابتدائی تفتیش کے مطابق دھماکہ خیز 14 منزلہ عمارت کے قریب کچرے کے ڈبے میں رکھا گیا تھا۔ 2 قریبی عمارتیں بھی خالی کرا لی گئیں۔ امریکی صدر اوباما نے دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لئے نیک تمناو¿ں کا اظہار کیا جب کہ سکیورٹی حکام نے دھماکے کی تفصیلات سے بھی صدر اوباما کو آگاہ کردیا۔ نیویارک کے میئر بل ڈی بلاسیو نے صحافیوں کو بتایا کہ ”فی الوقت اس واقعے کا دہشت گردی سے کوئی تعلق معلوم نہیں ہوتا“ تاہم حکام کا ماننا ہے کہ یہ دھماکا ”دانستہ کارروائی“ تھی۔ دھماکہ ہفتے کی رات ساڑھے 8 بجے، 23ویں سٹریٹ میں ہوا۔ جائے وقوعہ کے قریب واقع عمارتوں کے شیشے بھی ٹوٹے ہیں۔ پولیس کو جائے وقوعہ کے اطراف میں مشکوک پریشر ککر بھی ملا جسے تار کے ذریعے موبائل فون سے جوڑا گیا تھا۔ دوسری طرف ریاست منی سوٹا کے شہر سینٹ کلاﺅڈ میں مسلح حملہ آور نے شاپنگ مال میں چاقو کے وارکرکے 9 شہریوں کو زخمی کر دیا۔6کو طبی امداد دیکر گھر بھیج دیا گیا‘ 3افراد ہسپتال میں داخل ایک کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔ ایک پولیس افسر نے جوابی کارروائی میں حملہ آور کو فائرنگ کرکے ہلاک کردیا۔ حملہ آور نجی سکیورٹی ایجنسی کی یونیفارم میں ملبوس تھا۔ پولیس کا کہنا تھا فی الحال اس واقعہ کو دہشت گرد حملہ نہیں قرار دے سکتے، منی سوٹا میں چاقو سے حملے کی ذمہ داری داعش نے قبول کرلی۔ اے ایف پی کے مطابق داعش سے متعلق ویب سائٹ عمق نے دعویٰ کی اہے کہ امریکی ریاست منی سوٹا میں چاقو سے حملہ داعش کے جنگجو نے کیا۔ ایف بی آئی نے کہا منی سوٹا میں چاقو کے حملے کی ابتدائی تحقیقات کے مطابق یہ ممکنہ دہشت گردی کی کارروائی تھی تاہم حملہ آور کے عالمی رابطوں سمیت کئی چیزوں کا پتہ چلانا باقی ہے۔ نیویارک پولیس سربراہ کے مطابق اس حملے کی ذمہ داری اب تک کسی شخص یا گروپ نے قبول نہیں کی ہے، نیویارک کے گورنر اینڈریو کومو کا کہنا ہے نیویارک شہر میں ہونے والا دھماکہ دہشت گردی کی کارروائی تھا تاہم تاحال اس میں شدت پسند تنظیم دولت اسلامیہ کے ملوث ہونے کے شواہد نہیں ملے۔ اینڈریو کومو کے مطابق شہر کے اہم مقامات پر ایک ہزار اضافی سکیورٹی اہلکار تعینات کر دیئے گئے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ جس کسی نے بھی یہ بم رکھے ہیں، ہم انھیں ڈھونڈ لیں گے۔
امریکہ/ حملے

ای پیپر دی نیشن