پشاور / لاہور / اسلام آباد(نوائے وقت رپورٹ+ این این آئی+ خبرنگار) پی ٹی آئی کے ناراض ارکان پارلیمنٹ کا آج ہنگامی اجلاس طلب کر لیا گیا۔ اجلاس آج حیات آباد پشاور میں بریگیڈئر طاہر کے گھر پر ہو گا۔ ناراض ارکان کا موقف ہے کہ عمران خان نے متعدد بار وقت دینے کے باوجود ملاقات نہیں کی۔ ناراض ارکان مطالبات منظور نہ کیے جانے پر آئندہ کا لائحہ عمل بنائیں گے۔ علاوہ ازیں تحریک انصاف یوتھ ونگ نے سیکرٹری جنرل جہانگیر ترین کے خلاف بغاوت کا اعلان کر دیا، باقاعدہ تحریک چلانے کا فیصلہ کر کے اشتہارات بھی چھپوا لیے گئے جنہیں رائیونڈ مارچ کے روز احتجاجی ریلی کے روٹ پر آویزاں کیا جائے گا۔ جہانگیر ترین کے خلاف بینرز، اشتہارات اور فلیکسز بھی بنوا لئے گئے ہیں جن پر ”ہمیں جہانگیر ترین کے نظریے والا پاکستان نہیں چاہیے“ اور”جہانگیر ترین نامنظورنامنظور“ کے نعرے درج ہیں۔ علاوہ ازیں انصاف یوتھ ونگ کے اجلاس میں تنظیم کو بحال کرنے کا مطالبہ کر دیا گیا۔ اجلاس میں قرارداد پاس کی گئی جس میں کہا گیا 10 ستمبر کو تنظیمیں تحلیل کرنے کا فیصلہ غیرآئینی تھا۔ یوتھ ونگ کا ہنگامی اجلاس صدر علی بخاری کی زیرصدارت ہوا۔ علاوہ ازیں تحریک انصاف یوتھ ونگ پنجاب، عمران ٹائیگر فورس اور انصاف سٹوڈنٹس فیڈریشن کے مرکزی عہدیداروں نے جہانگیر ترین اور پارٹی قیادت پر اپنے بھرپور اور مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کسی بھی قسم کی منفی مہم کا حصہ نہ بننے کا اعلان کیا ہے۔ عمران ٹائیگر فورس کی صدر ثانیہ کامران، آئی ٹی ایف پنجاب کے صدر سید راشد ریاض، پی ٹی آئی یوتھ ونگ سنٹرل پنجاب کے جنرل سیکرٹری لکی خان، یوتھ ونگ سنٹرل پنجاب کے صدر عبیدالرحمان، انصاف سٹوڈنٹس فیڈریشن کے صدر گلریز اقبال اور سینئیر نائب صدر یوتھ ونگ رانا ثاقب نے جہانگیر ترین کے خلاف پوسٹرز کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ رائیونڈ مارچ کے اس اہم موڑ پر ٹانگیں کھینچنے والے بے نقاب ہو گئے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ علی عباس بخاری اور عثمان حمزہ جیسے سازشی عناصر کو پارٹی کے عہدوں سے فارغ کیا جائے۔یوتھ ونگ کے کارکنوں نے بنی گالا میں جہانگیرترین اور ترجمان نعیم الحق کے خلاف احتجاجی مظاہرہ بھی کیا۔
جہانگیر ترین/ تحریک