پیپلزپارٹی کی آرگنائزنگ کمیٹی کئی ماہ میں کام مکمل نہ کرسکی، کارکن شدید ناراض

Sep 19, 2016

لاہور (سید شعیب الدین سے) پیپلزپارٹی وسطی پنجاب کی تنظیم نو کیلئے قائم کی گئی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی آرگنائزنگ کمیٹی کئی ماہ میں اپنا کام مکمل نہ کر سکی، راجہ پرویز اشرف کی سربراہی میں قائم کمیٹی جس کے دیگر عہدیداروں میں رانا فاروق سعید، ندیم افضل چن، ندیم اصغر کائرہ، چودھری منظور شامل ہیں ابھی تک 26 اضلاع کا دورہ کر کے وہاں پر تنظیم سازی میں اپنے کردار کے خواہشمند کارکنوں، سابق عہدیداروں، سابق ارکان اسمبلی، ٹکٹ ہولڈرز سے بھی رابطے مکمل نہیں کر سکی۔ کمیٹی کے ساتھ مختلف اضلاع میں جو سلوک ہوا وہ میڈیا سے چھپایا گیا، شیخوپورہ میں تو کمیٹی کے ارکان اور مقامی رہنماﺅں کارکنوں کی ملاقات میں جوتے چل گئے، فیصل آباد اور دیگر کئی اضلاع میں بھی تلخیاں اور گالم گلوچ ہوئی، ورکرز اور مقامی رہنما سابق وزیراعظم اور ساتھ آنے والے رہنماﺅں پر برہم رہے کہ ہمیں ”دیا“ کیا جو اب ہم سے مانگنے آئے ہو۔ ستمبر میں تنظیم سازی مکمل کر کے اکتوبر میں ”باہر نکلنا“ چاہتے ہیں مگر ابھی تک تنظیم سازی کا کام ہی پورا نہیں ہوا، وسطی پنجاب کے 4 اضلاع میانوالی، بھکر، خوشاب اور جھنگ کے کارکنوں، رہنماﺅں سے ملاقاتیں باقی ہیں، پنجاب اس وقت پیپلزپارٹی کا ہارا ہوا میدان جنگ ہے، وہ جماعت جس کا جنم پنجاب میں ہوا اور جس کو 1970ءمیں اپنے پہلے انتخابات میں پنجاب سمیت پورے پاکستان میں بے مثال کامیابی ملی آج صرف سندھ تک محدود ہے، جنوبی پنجاب میں سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی کی سربراہی میں سابق گورنر مخدوم سید احمد محمود اپنی تنظیم سازی کی ذمہ داریاں مکمل کر چکے ہیں، آرگنائزنگ کمیٹی کے اہم رکن رانا فاروق سعید کا کہنا ہے کہ تقریباً سارا کام مکمل کیا جا چکا، صرف بھکر اور میانوالی کے دو اضلاع باقی ہیں، رانا فاروق کا کہنا تھا کہ جہلم اور اب چیچہ وطنی کے انتخابات کی وجہ سے تنظیم سازی مکمل نہیں کر سکے، انہوں نے دعویٰ کیا کہ چیچہ وطنی میں پیپلزپارٹی کا امیدوار وننگ ریس میں شامل ہے، انہوں نے دعویٰ کیا کہ اس ماہ کے آخر تک تنظیم سازی کا کام مکمل کر لیں گے، بلاول جب بھی بلائیں گے تیار پائیں گے۔
پیپلزپارٹی/تنظیم نو

مزیدخبریں