چیچہ وطنی (نامہ نگار) چیچہ وطنی کے حلقے این اے 162 میں ضمنی الیکشن آج ہو گا۔ ضمنی انتخاب کے لیے پولنگ سٹاف کو سامان کی ترسیل کا عمل گزشتہ روز مکمل ہو چکا ہے۔ ٹی ایم اے ہال چیچہ وطنی میں ریٹرننگ آفیسر رانا عبدالغفاراور فوج نے اپنی نگرانی میں تمام سامان پریذائیڈنگ افسران کے سپرد کروایا اور عملہ کو پولنگ اسٹیشن تک لے جانے کے لیے الیکشن کمیشن اور انتظامیہ نے 24کوسٹرز اور 59ویگنوں کابندوبست بھی کیا گیا ہے ذرائع کے مطابق فوج کی نگرانی میں تمام سامان پولنگ سٹیشنوں پر پہنچایا گیا ہے اور فوج کے دوجوان ہر پولنگ اسٹیشن پر فرائض سرانجام دیں گے جبکہ امن وامان قائم رکھنے کے لیے پولیس کے جوان بھی پولنگ اسٹیشنوں پر ڈیوٹی دینے کے علاوہ گشت کریں گے حلقہ این اے 162ساہیوالiiiچیچہ وطنی شہر اور16یونین کونسلوں کے علاوہ تحصیل ساہیوال کی 6یونین کونسلوں پر مشتمل ہے جہاں3لاکھ 40ہزار 437رائے دہندگان ہیں۔293پولنگ سٹیشنوں میں سے 4تھانہ فرید ٹاﺅن ساہیوال،92تھانہ ہڑپہ، 19تھانہ ڈیرہ رحیم ،59تھانہ صدر چیچہ وطنی ،52تھانہ سٹی چیچہ وطنی اور 67تھانہ غازی آباد کی حدود میں واقع ہیں۔ ضلع ساہیوال میں آج عام تعطیل ہے۔ پولنگ سٹیشنوںکے اندر اور باہر فوج کے جوان تعینات کئے گئے ہیں اور سی سی ٹی وی کیمروں سے سکیورٹی کے سخت انتظامات کی نگرانی ہوگی اور فوج علاقہ میں گشت بھی جاری رکھے گی۔ حلقے کے 293پولنگ سٹیشنوں میں سے 22پولنگ سٹیشنوں کوانتہائی حساس قرار دیا گیا ہے۔
ضمنی الیکشن