کراچی (خبر نگار) وفاقی وزیر سمندر پار پاکستانیز و ترقی انسانی وسائل پیر صدر الدین شاہ راشدی نے ای او بی آئی کے صدر دفتر کا دورہ کیا اس موقع پر چیئرمین ای او بی آئی خاقان مرتضیٰ نے وفاقی وزیر کا خیرمقدم کیا اور انہیں ای او بی آئی کی کارکردگی اور آئندہ کے منصوبوں سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی جس میں ضعیب العمر اور معذور پنشن یافتگان کو انتظار اور طویل قطاروں سے نجات دلانے کیلئے بنک الفلاح کے اے ٹی ایم کارڈ کے ذریعے پنشن کی ادائیگی‘ پنشن فنڈ کے عدم استحکام‘ کنٹری بیوشن کی رقومات کی وصولی کے مقابلے میں پنشن کی ادائیگیوں کی رقومات میں اضافہ‘ عدالت عظمیٰ میں ازخود کارروائی کے تحت 18 جائیدادوں اور املاک کی تازہ صورتحال‘ سرمایہ کاری کے اقدامات شامل تھے۔ اس موقع پر وفاقی وزیر نے چیئرمین ای او بی آئی کو ہدایت کی کہ وہ ای او بی آئی کی پنشن کے نظام کو بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی طرز پر ون لنک سے
مربوط کرنے کیلئے گورنر بنک دولت پاکستان سے رجوع کریں کیونکہ بعض پنشن یافتگان نے شکایت کی ہے کہ بنک الفلاح کے بجائے کسی اور بنک کی اے ٹی ایم مشین سے پنشن کی وصولی کے دوران ان کی پنشن سے 17 روپے کی کٹوتی کر لی جاتی ہے۔