سیاسی سفارشوں پر 1372 افسروں، ملازمین کوسرکاری گھر الاٹ

Sep 19, 2017

لاہور (معین اظہر سے) جی او آرز سمیت سرکاری ملازمین کی رہائشی کالونیوں میں سیاسی سفارشوں پر پالیسی کے خلاف 1372 افسران و ملازمین کو سرکاری گھر الاٹ ہوئے ہیں اس وقت بھی 10 ہزار 810 ملازمین کی درخواستیں سرکاری گھروں کے لئے کئی کئی برسوں سے پینڈنگ ہیں۔ موجودہ قانون کے مطابق سول سیکرٹریٹ ، پنجاب اسمبلی اور لاہور ہائیکورٹ کے ملازمین کو سرکاری رہائش گاہیں الاٹ ہو سکتی ہیں۔ اس وقت جن ملازمین نے سرکاری گھروں کی الاٹمنٹ کے لئے رجسٹریشن کروائی ہوئی ہے ان میں سے کئی ملازمین کی رجسٹریشن کو 10 سال سے زیادہ ہو گئے ہیں لیکن ان کی باری نہیں آئی جبکہ سیاسی سفارشوں پر مکان الاٹ ہوتے ہیں۔ محکمہ سروسز جنرل ایڈمنسٹریشن میں جی او آرز میں الاٹمنٹ کے لئے جو درخواستیں پینڈنگ ہیں۔ ان میں سول سیکرٹریٹ کے افسران کی 2139 ، پنجاب اسمبلی کے افسران کی 33 اور لاہور ہائیکورٹ کے افسران کی 254 درخواستیں شامل ہیں۔ 3 سے چار کمرے کی سرکاری رہائش گاہوں کے لئے سول سیکرٹریٹ کے ملازمین کی 2229 درخواستیں پینڈنگ ہیں۔ پنجاب اسمبلی کی 69 ، اور لاہور ہائیکورٹ کی 325 درخواستیں پینڈنگ ہیں۔ 2 روم سینئر کے سول سیکرٹریٹ کی 1575 ، پنجاب اسمبلی کی 115 اور لاہو ہائیکورٹ کی 81 درخواستیں پینڈنگ ہیں۔ 2 روم جونیئر کے لئے سول سیکرٹریٹ کے ملازمین کی 1715، صوبائی اسمبلی کی 150 اور لاہور ہائیکورٹ کی 190 درخواستیں پینڈنگ ہیں۔ سنگل روم کے لئے سول سیکرٹریٹ کے ملازمین کی 2014، پنجاب اسمبلی کی 152 جبکہ لاہور ہائیکورٹ کی 190 درخواستیں پینڈنگ ہیں کل 10 ہزار درخواستوں میں سے 1500 درخواستیں 10 سال سے زیادہ کی پینڈنگ ہیں۔ جی او آر ز میں جن افسران کو مکان الاٹ ہوئے ہیں ان میں سول سیکرٹریٹ کے 1504 میں سے اب تک 896 کو سیاسی سفارشوں پر الاٹمنٹ ہوئی ہے۔ پنجاب اسمبلی کے 27 افسران، جبکہ ہائیکورٹ کے 97 افسران کو گھر الاٹ ہوئے ہیں جبکہ 180 پالیسی کے خلاف الاٹمنٹ ہوئی ہیں جو صرف سیاسی سفارشوں پر ہوئی ہیں۔ اسی طرح 3 سے 4 کمرے کے گھر وں میں اس وقت تک سول سیکرٹریٹ کے 173 افسران و ملازمین کو الاٹمنٹ ہوئی ہے جس میں سے 89 سیاسی سفارشی الاٹمنٹ ہے جبکہ پنجاب اسمبلی کے 33 ، ہائیکورٹ کے 69 افسران و ملازمین کو الاٹمنٹ ہوئی ہے جبکہ پالیسی کے خلاف دیگر محکموں کے افسران و ملازمین کو 397 الاٹمنٹ ہوئی ہیں۔ 2 روم سینئر کے لئے141 سیاسی سفارشوں پر الاٹ منٹ ہوئیں ان میں پنجاب اسمبلی کے 24 ، لاہور ہائیکورٹ کے 20 ملازمین شامل ہیں۔ جبکہ پالیسی کے خلاف دیگر محکموں کے 397 ملازمین کو الاٹمنٹ کی گئیں۔ 2 روم جونیئر مکانوں کے لئے سول سیکرٹریٹ کے تقریباً 305 الاٹمنٹ سیاسی سفارشی ہیں اسی طرح پنجاب اسمبلی کے 24 ، اور لاہور ہائیکورٹ کے 22 ملازمین کو الاٹمنٹ ہوئی ہیں جبکہ پالیسی کے خلاف 255 ملازمین کو مکان الاٹ ہوئے ہیں۔ سنگل روم کے لئے سول سیکرٹریٹ کے 284 ملازمین کو الاٹمنٹ ہوئی جبکہ پنجاب اسمبلی کے2 ، لاہور ہائیکورٹ کے 5 ، اور دیگر محکموں کے 177 ملازمین کو سیاسی سفارشوں پر الاٹمنٹ ہوئی ہیں۔

مزیدخبریں