اشک آباد(صباح نیوز) صدر مملکت ممنون حسین نے 5ویں انڈور اینڈ مارشل آرٹس کھیلوں کے جاری مقابلے دیکھے جہاں پاکستان سمیت 64 ممالک سے 5500 اتھلیٹکس حصہ لے رہے ہیں۔ صدر مملکت ممنون حسین نے ترکمانستان کے صدر قربانی علی بردی محمدوف اور دیگر حکومتی سربراہان کے ہمراہ 45 ہزار شائقین سے کھچا کھچ بھرے اشک آباد اولمپک کمپلیکس میں رنگا رنگ تقریب دیکھی۔ 130 رکنی پاکستانی کھلاڑیوں کا دستہ سبز ہلالی پرچم تھامے سٹیڈیم سے گزرا۔ جس کی نمائندگی سے سب سے کم عمر اتھلیٹ 13 سالہ تیراک جہاں آرا نبی کررہی تھیں۔پاکستانی اتھلیٹس مختلف کھیلوں میں حصہ لیں گے جن میں کشتی، تائیکوانڈو، اتھلیٹکس، ویٹ لفٹنگ، ٹینس، سوئمنگ، کک، باکسنگ ، بیلٹ ریسلنگ اور بلیئرڈ کے کھیل شامل ہیں۔ ایونٹ میں کھیلوں کی روح کو اجاگر کرنے کیلئے روایتی موسیقی اور رقص کی پرفارمنس بھی پیش کی گئی اور آتشبازی کا بھی مظاہرہ پیش کیا گیا۔ قبل ازیں صدر مملکت ممنون حسین نے دیگر ممالک کے سربراہان مملکت کے ہمراہ ترکمانستان کے صدر قربانی علی بردی محمدوف کی طرف سے اشک آباد ایوان صنعت و تجارت میں دیئے گئے عشائیہ میں شرکت کی۔صدر ممنون حسین کی اشک آباد پہنچنے کے بعد ترکمانستان کے صدر قربانی علی بردی محمدوف کے ساتھ دوسری ملاقات تھی۔ قبل ازیں دونوں رہنماﺅں کے مابین ہفتہ کو ملاقات ہوئی جو آدھے گھنٹے کے شیڈول کے باوجود 2 گھنٹوں تک جاری رہی۔