کراچی (نیوز رپورٹر) ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ کم وسائل پربھی کام کرکے دکھائیں گے۔ کوئی ہمیں حلوہ اور ہلکا نہ سمجھے کیونکہ 2018 میں ایم کیو ایم پاکستان اصل دھمال کرے گی اور سب دیکھیں گے۔ سناہے ہمارا ایم پی اے اپنی راہ چھوڑ کر ادھر چلا گیا ہے، وکٹیں گرانے کی بات ہو رہی ہے، وہ ایک وکٹ گرائیں گے ہم ہزار نئی وکٹیں کھڑی کریں گے۔ سب برابر کے پاکستانی ہیں، پاکستان میں تبدیلی ووٹ ڈالنے سے آئے گی، جب عام آدمی ووٹ ڈالے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوںنے کراچی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ سندھ سے کوٹہ سسٹم کا ہر صورت خاتمہ کرکے رہیں گے، ہم بجلی کی کمی کا خاتمہ کر سکتے ہیں، ایم کیو ایم پاکستان کی وجہ سے سی پیک منصوبہ شروع ہوا اور اگر ایسا مزید رہا تو کراچی میں ترقیاتی کاموں کا جال بچھائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ آج بھی پاکستان بنانے اور بچانے کا چیلنج ہے تاہم اسلام آباد کے لوگوں کو پاکستان بچانے کے لئے کراچی آنا ہوگا۔ فاروق ستار نے کہا ایک وڈیرہ پیپلز پارٹی میں ہے، وہی(ن) لیگ اور اب پی ٹی آئی میں ہے، ایسے تبدیلی نہیں آئے گی۔ پی ایس پی کی جانب سے پیکجز دیئے جا رہے ہیں، ہم مڈل کلاس انقلاب برپا کریں گے۔ انہوںنے کہا کہ لوگوں کے دلوں میں ہمیشہ سے ایم کیو ایم پاکستان تھی ہے اور رہے گی۔ڈاکٹرفاروق ستار نے کہا کہ سندھ کے وڈیرے اس وقت سے ڈریں جب ایم کیو ایم پاکستان مجبور نہ ہو جائے کہ اپنا حق لڑ کر لیں۔ ہماری آبادیوں پر مردم شماری کے ذریعے فیملی پلاننگ کروائی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی جانب سے اپوزیشن لیڈر کے معاملے پر رابطے جاری ہیں، جلد اپوزیشن لیڈر کے نام پر متفق ہوجائیں گے۔ سربراہ ایم کیو ایم پاکستان نے مزید کہا کہ خان صاحب نے گل خان لالا کو میسج کیا تھا مگر گلالئی کو چلا گیا۔