حیدر آباد، سیہون ، کراچی(نامہ نگاران+ این این آئی) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کے حلقہ انتخاب میں واقع قصبہ جھانگارا میں میٹرک کی طالبہ تانیہ خاصخیلی کے مقدمہ قتل میں نامزد مرکزی ملزم خان محمد عرف خانو نوحانی کو بالآخر پولیس نے گرفتار کر لیا‘ ملزم کے قبضے سے آلہ قتل پستول برآمد کر لیا گیا۔ یوں اب تک تانیہ قتل کیس کے دونوں مرکزی ملزمان خانو نوحانی اور مولا بخش عرف مولو نوحانی گرفتار ہو چکے ہیں ۔ ملزم کی گرفتاری حساس ادارے کی جانب سے بلوچستان کے علاقے دریچو سے عمل میں لائی گئی جہاں وہ مقامی ایم این اے کے ماموں کے پاس روپوش تھا۔یاد رہے 10 روز قبل سیہون کے علاقے جھانگارا میں میٹرک کی طالبہ اور مزدور کی بیٹی تانیہ خاصخیلی کو وہاں کے مقامی وڈیرے نے مبینہ طور پر گھر میں گھس کر بیدردی سے قتل کردیا تھا۔ دوسری طرف مسلم لیگ (ن) نے تانیہ خاصخیلی کے قتل کیخلاف سندھ اسمبلی میں قرارداد جمع کرادی۔ لیگی رکن سورٹھ تھیبو نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت آتی ہے تو سب سے زیادہ خواتین کے حقوق متاثر ہوتے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ تانیہ کے والدین کو انصا ف فراہم کیا جائے۔ اس موقع پر وہ آبدیدہ ہوگئیں اور کہا کہ سندھ کی بیٹیاں سکول نہیں جاتیں کہ انہیں کوئی بھیڑیا نشانہ نہ بنادے۔ انہیں تحفظ کون دیگا۔