اسلام آباد + راولپنڈی (سٹاف رپورٹر+ نوائے وقت رپورٹ) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ کرنسی کی قیمت کم ہونے اور مہنگائی میں اضافے کی وجہ سے دفاعی بجٹ کم ہو رہا ہے۔ سول ملٹری قیادت انتہا پسندی کے خلاف متحد ہے۔ آرمی چیف نے پیر کے روز سینیٹ اور قومی اسمبلی کی مجالس قائمہ برائے دفاع کے مشترکہ وفد سے گفتگو کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا ۔ وفد نے گزشتہ روز جی ایچ کیو کا دورہ کیا۔ وفدکے قائدلیفٹننٹ جنرل(ر) عبدالقیوم نے اس ملاقات کے بعد نوائے وقت کو بتایا کہ آرمی چیف نے وفد کے ارکان کے ساتھ بے تکلف اور غیر رسمی گفتگو کی۔ ڈائریکٹر جنرل برائے ملٹری آپریشنز نے ملکی دفاع، مشرقی اور مغربی سرحدوں کے حالات، فوج کی حر بی تیاریوں ، بارڈر مینجمنٹ انسداد دہشت گردی کے آپریشنوں سمیت ان موضوعات سے جڑے امور پر وفد کو تفصیل سے بریفنگ دی۔ وفد نے یادگار شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔ آرمی چیف کے ساتھ غیر رسمی اور بعد ازاں ظہرانہ پر بھی ارکان کی گفتگو ہوئی۔ آرمی چیف نے امریکی سینٹرل کمانڈ کے وفد کے حالیہ دورہ پاکستان کی تفصیلات سے آگاہ کیا اور کہا کہ امریکی وفد کو بتا دیا گیا کہ پاکستان نے اپنی حدود سے دہشت گردی کا خاتمہ کر دیا ہے۔آرمی چیف کا کہنا تھا کہ ڈرون حملے نہیںہونے چاہئیں۔ آئی ایس پی آر کے بیان میں بتایا گیا ہے کہ پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کی مجالس قائمہ کے وفد نے جی ایچ کیو کا دورہ کیا۔ یادگار شہدا پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔ وفد کو سلامتی کے چینلجوں، سرحدوں کی صورتحال اور پاک فوج کی طرف سے امن قائم کرنے کی کوششوں کے بارے میں تفصیل سے بریفنگ دی گئی۔ شرکاء کی جنرل قمر جاوید باجوہ سے گفتگو کا دور بھی ہوا۔ اور اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ مربوط قومی کوششوں کے ذریعہ پرتشدد انتہا پسندی کا سدباب کیا جائے گا۔ علاوہ ازیں ترکی کے سفیر نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق علاقائی سکیورٹی اور باہمی دلچسپی کے امور پر بات چیت کی گئی۔ ملاقات میں پاک ترکی مثالی تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا گیا اور تعلقات کو مزید وسعت دینے پر اتفاق ہوا۔