ریلوے کاڈیم فنڈ کیلئے ٹکٹوں پر اضافی رقم وصولی کا فوری فیصلہ

Sep 19, 2018

لاہور(این این آئی ) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کی ہدایات پر پاکستان ریلوے نے ڈیم فنڈ عطیہ میں اپنا کردار ادا کرنے کے لیے اکانومی اور بزنس کلاس کی ٹکٹوں پر ایک روپیہ، دوروپے اور دس روپے اضافی عائدکرنے کا فوری فیصلہ کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ڈیم فنڈ میں عطیہ دینے کے حوالے سے اکانومی کلاس میں 100 روپے تک کا ٹکٹ خریدنے پر ہر مسافر کو ایک روپیہ اضافی اور 100 روپے سے اوپر کے ٹکٹ پر دو روپے اداکرنا ہوں گے۔ اسی طرح اے سی کلاس کے ٹکٹ پر 10 روپے ادا کرنا ہوں گے۔ ڈیم فنڈ کے حوالے سے یہ معمولی کٹوتی پاکستان ریلوے کی تمام ٹکٹس، پی ٹی اوز، فری پرویلج پاسز، ملٹری ووچر، ای ٹکٹنگ، کمپیوٹرائزڈ ٹکٹس، پی سی ٹی ایس، بی ٹی ایس اور کرنٹ ریزرویشن پر لاگو ہوگی۔ ڈیم فنڈ کی مد میں لی جانے والی رقم کرائے کا حصہ نہیں ہوگی بلکہ ہر ٹکٹ کے نیچے علیحدہ سے ظاہر کی جائے گی اور جمع کردہ رقم ہر مہینے ڈیم فنڈ میں بھیجی جائے گی۔ڈیم فنڈ چارچز سے کرایہ کی رقم رائونڈ آف نہیں ہوگی اور ڈیم فنڈ چارجز قابلِ واپسی نہیں ہوں گے۔

مزیدخبریں