پنجاب یونیورسٹی کی تاریخ میں پہلی مرتبہ آنرزاور ماسٹرز پروگرام میںآن لائن داخلوں کا آغاز

پنجاب یونیورسٹی وائس چانسلر پروفیسر نیاز احمد اختر کی ہدایت پر انتظامیہ نے تمام شعبہ جات کے آنرز اور ماسٹرز کی سطح پر تعلیمی پروگرامز میں داخلہ کے خواہشمند امیدواروں کی سہولت کے لئے رواں سال سے آن لائن داخلوں کا آغاز کر دیا ہے۔ پنجاب یونیورسٹی کی تاریخ میں پہلی مرتبہ آن لائن داخلے ہو رہے ہیں جن میں پاکستان بھر سے امیدوار گھر بیٹھے متعلقہ پروگرامز میں داخلے کے لئے درخواست دے سکتے ہیں۔ اس سلسلے میں وائس چانسلر پروفیسر نیاز احمد اختر ، چیئرمین ایڈمیشن کمیٹی پروفیسر ڈاکٹر تقی زاہد بٹ اور دیگر افسران نے آن لائن داخلوں کا جائزہ لیا۔ پروفیسر نیاز احمدنے کہا کہ یونیورسٹی انتظامیہ نے داخلوں میں شفافیت اور میرٹ کو یقینی بنانے کے لئے جدید طریقہ کار اپنایا ہے جس میں امیدواروں کو ذیادہ سے ذیادہ سہولیات فراہم کی گئی ہیں جس سے امیدواروں کے وقت اور پیسے کی بچت ہو گی۔ چیئر مین ایڈمیشن کمیٹی پروفیسر ڈاکٹر تقی زاہد بٹ نے کہا کہ امیدوار اپنے متعلقہ تعلیمی پروگراموں میں داخلوں کی آن لائن درخواستیں 28 ستمبر تک جمع کرا سکتے ہیںجبکہ امیدواروں کی رہنمائی کے لئے ہیلپ لائن بھی قائم کر دی گئی ہے ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
پاک چین اقتصادی راہداری خطے میں امن اور خوشحالی کا منصوبہ ہے، ڈاکٹر اقبال چاولہ
گزشتہ پانچ سالوں میں تجارت اور روزگار میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے، پروفیسر سن ہونگ چی
پنجاب یونیورسٹی کے ڈین فیکلٹی آف آرٹس اینڈ ہیومینیٹیز و چیئرمین شعبہ تاریخ پروفیسر ڈاکٹر اقبال چاولہ نے کہا ہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری خطے میں امن اور خوشحالی کا منصوبہ ہے اور دونوں ممالک اس سلسلے میں آنے والی تمام رکاوٹیں عبور کر لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وقت آگیا ہے کہ پاکستان میں کم ترقی یافتہ علاقوں کی حالت کو بھی بہتر بنایا جائے گا۔ وہ پاکستان سٹڈی سنٹر کے زیر اہتمام پاک چین اقتصادی راہداری کے موضوع پرالرازی ہال میں منعقد ہونے والے سیمینار سے خطاب کر رہے تھے۔ سیمینار میں چین کی جیانگ سو نارمل یونیورسٹی کے ڈائریکٹر پاکستان ریسرچ سنٹر پروفیسر ڈاکٹر سن ہونگ چی، ڈین آف انٹرنیشنل کالج پروفیسر ڈاکٹر ژینگ شینگ ژن ،ڈپٹی ڈین ژین یوٹونگ ، تجزیہ نگار محمد مہدی،ڈاکٹر امجد عباس مگسی، فیکلٹی ممبران اور طلباء و طالبات نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر اقبال چاولہ نے کہا کہ کچھ بین الاقوامی طاقتیں چین کو دنیا کی دوسری سپر پاور بننے سے خوفزدہ ہیں اور وہ اس منصوبے میں رکاوٹیں کھڑی کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ دونوں ملکوں کے ساتھ دنیا کے دوسرے ممالک کے لئے بھی خوشحالی کا باعث بن سکتا ہے۔ پروفیسر سن ہونگ چی نے کہا کہ گزشتہ پانچ سالوں میں چائنہ اور دیگر ممالک کے درمیان تجارت اور روزگار میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے ،مقامی لوگوں کے لئے دو لاکھ نوکریاں پیدا ہوئی ہیں اور اکثر ممالک نے اس منصوبے کو خوش آمدید کہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ چند ممالک چین کی ترقی کی راہ میں رکاوٹ پیدا کر رہے ہیں لیکن انہیں ناکامی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ چین اور پاکستان مل کر اس منصوبے کو کامیاب بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جیانگ سو اور پنجاب دونوں صوبوں میں برادرانہ تعلقات ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ دونوں یونیورسٹیاں دونوں ممالک اور عوامی سطح پر تعلقات کو فروغ دینے اور مشترکہ تعلیمی و تحقیقاتی منصوبوں پر کام کر رہی ہیں۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے محمد مہدی نے کہا کہ اقتصادی راہداری پاکستان میں معیشت کو مضبوط کرنے کے لئے نئی راہوں کی بنیاد رکھ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک کی بدولت بین الاقوامی تعلقات میں نئی جہتیں پیدا ہو رہی ہیں۔ بعد ازاں وفد کے شرکاء نے وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر نیاز احمد سے ان کے آفس میں ملاقات کی ۔ وفد نے پنجاب یونیورسٹی کے طلبہ کو سکالرشپس کی پیشکش کرتے ہوئے دونوں یونیورسٹیوں کے مابین روابط کو مزید بڑھانے پر زور دیا۔ وائس چانسلرپروفیسر نیاز احمد نے وفد کے شرکاء کو تعلیم کی ترقی کیلئے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔
پنجاب یونیورسٹی امتحانی شیڈول
پنجاب یونیورسٹی شعبہ امتحانات نے بی کام پارٹ ون اور پارٹ ٹو سپلیمنٹری 2018ء کے امیدواروں کیلئے داخلہ فارم و فیس جمع کروانے کاشیڈول جاری کر دیا ہے۔ شیڈول کے مطابق داخلہ فارم و فیس جمع کرانے کی آخری تاریخ03اکتوبر 2018ء ہے جبکہ امتحانات کی تاریخوں کا اعلان بعد میں ہوگا۔
پنجاب یونیورسٹی امتحانی نتائج
پنجاب یونیورسٹی شعبہ امتحانات نے بی ایف اے پارٹ تھرڈ (پینٹنگ اور گرافک ڈیزائن )سپلیمنٹری 2013ء اور ایم بی اے فائنل پارٹ (ساڑھے تین سالہ پروگرام ) اینول 2018ء کے امتحانی نتائج کا اعلان کر دیا ہے ۔ تفصیلات پنجاب یونیورسٹی کی ویب سائٹ www.pu.edu.pkپر دیکھی جا سکتی ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

ای پیپر دی نیشن

''درمیانے سیاسی راستے کی تلاش''

سابق ڈپٹی سپیکرقومی اسمبلی پاکستان جن حالات سے گزر رہا ہے وہ کسی دشمن کے زور کی وجہ سے برپا نہیں ہو ئے ہیں بلکہ یہ تمام حالات ...