لاہور (خصوصی رپورٹر) پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز نے گیس کی قیمتوں میں اضافے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ انتخابات سے پہلے غریبوں کو سہانے خواب دکھانے والے حکومت میں آکر تبدیل ہوگئے۔ مہنگائی کا کوڑا برساتے ہوئے اسد عمر کو اپنے ماضی کے اعلانات یاد نہیں رہے۔ نواز شریف حکومت نے تمام معاشی مشکلات کے باوجود غریبوں سے ریلیف نہیں چھینا تھا۔ تین سے سات سلیبز کرنے کی آڑ میں تبدیلی کے دعویداروں نے چھپنے کی ناکام کوشش کی ہے۔ پی ٹی آئی حکومت نے ریکارڈ اضافے سے ثابت کیا کہ نئے پاکستان کا نعرہ لگانے والوں کے پاس نئے پاکستان کے لئے کھوکھلے دعووں کے سوا کچھ نہیں۔ مسلم لیگ ن غریبوں، مزدوروں، محنت کشوں، کمزور اور متوسط طبقات کے حقوق کے لئے ماضی کی طرح آواز بلند کرتی رہے گی اور ان کے حق پر ضرب لگانے کے حکومتی ظالمانہ اقدامات کا راستہ روکے گی۔ علاوہ ازیں حمزہ شہباز نے گیس قیمتوں میں اضافے کے خلاف قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع کرا دی جس میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ گیس اور دیگر اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ فوری واپس لیا جائے۔ اضافے سے مہنگائی کا طوفان آئے گا، حکومت نے ریلیف دینے کی بجائے عوام کو تکلیف دینا شروع کر دی۔ حمزہ شہباز شریف نے نسبت روڈ پر اشفاق بٹ کے ’’قلعہ‘‘ میں اپنا مرکزی دفتر قائم کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ اس دفتر میں وہ عوام سے رابطے کی مہم تیز کریں گے۔
حمزہ شہباز