دبئی (سپورٹس ڈیسک )پاکستان کرکٹ کپتان سرفراز احمد نے ایشیا کپ کے شیڈول پر تحفظات ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ تمام ٹیموں کے لئے ٹورنامنٹ کے قوانین ایک جیسے ہونے چاہییں اور یقینی طور پر پاکستان کرکٹ بورڈ اس معاملے کو دیکھے گا۔واضع رہے کہ ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے میں بھارتی ٹیم اپنے تمام میچ دبئی اسٹیڈیم میں کھیلے گی جب کہ پاکستان کو بنگلہ دیش اور افغانستان کے میچوں کے لئے ابوظہبی جانا ہوگا۔سرفرا ز احمد نے منگل کو پریس کانفرنس میں کہا کہ ایک ٹیم کو ایک سینٹر میں تمام میچ کھلانا سمجھ سے بالاتر ہے۔سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ کوہلی ورلڈ کلاس میچ ونر ہیں ان کی عدم موجودگی سے فرق ضرور پڑے گا حالانکہ بھارت کے پاس کئی اور اچھے کھلاڑی موجود ہیں۔پاکستان میچ میں چار فاسٹ بولروں کے ساتھ اترنے کی تیاریاں کررہا ہے لیکن پاکستانی کپتان سرفراز احمد نے محمد عامر کی بولنگ پر تشویش ظاہر کی ہے ۔ان کا کہنا ہے کہ ہم نے محمد عامر کے ساتھ بیٹھ کر انہیں سمجھا یا ہے اور بات چیت کرکے بتایا ہے کہ ٹیم کو ان سے کیا توقعات وابستہ ہیں۔یاد رہے کہ محمد عامر ہانگ کانگ کے خلاف میچ کے پہلے اوور میں گیارہ رنز دیئے تھے وہ بیس رنز دے کر کوئی وکٹ حاصل نہیں کرسکے تھے ، اس سے قبل زمبابوے کے خلاف تین ون ڈے انٹر نیشنل میں محمد عامر ایک وکٹ حاصل کرسکے تھے۔سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ کئی بار بولر اچھی بولنگ کرتا ہے اور وکٹ حاصل نہیں کرسکتا ہے لیکن مجھے امید ہے کہ محمد عامر اچھی بولنگ کریں گے۔سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ بھارتی ٹیم اچھی ہے، ہماری ٹیم کی بیٹنگ اور بولنگ دونوں بہترین ہیں، پریشر کے بغیر اچھا کھیلنے کی کوشش کریں گے۔ان کا کہنا تھا کہ کنڈیشنز تمام ٹیموں کے لئے یکساں سازگار ہیں، ایشیائی ٹیمیں اس طرح کے ماحول میں کھیلنے کی عادی ہیں، فتح کیلیے بہتر کرکٹ کھیلنا پڑے گی، چیمپئنز ٹرافی میں فتح یادگار تھی لیکن یہاں کی کنڈیشنز بالکل مختلف ہیں۔روہت شرما کا کہنا ہے کہ بلاشبہ دبئی کا موسم گرم ہے اور میچوں کے دوران کنڈیشن بھی مشکل ہیں لیکن ہم اس ٹورنامنٹ میں ہر ٹیم کو برابر سمجھ رہے ہیں۔ہم یہاں امپروو کارکردگی دکھاکر اپنی ٹیم کی صلاحیتوں کو منوانا چاہتے ہیں۔
بھارت کو ایک ہی سینٹر پر تمام میچ کھلانا سمجھ سے بالاتر ہے: سرفراز احمد
Sep 19, 2018