کراچی: پولیس نے چالان میں شراب برآمدگی کا انکشاف کرکے شرجیل میمن کو شریک ملزم ٹھہرا دیا

کراچی(آن لائن) پولیس نے چالان میں ہسپتال سے شراب برآمدگی کا انکشاف کرتے ہوئے شرجیل میمن کو شریک ملزم ٹھہرا دیا، تفتیشی افسر نے چالان عدالت میں جمع کرایا۔منگل کو کراچی کی جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی کی عدالت میں شرجیل میمن کے کمرے سے شراب برآمدگی کیس کی سماعت ہوئی، تفتیشی افسر نے چالان عدالت میں جمع کرایا۔چالان میں کہا گیا ہے کہ یکم اگست کو معلوم ہوا کہ کمرے میں غیرقانونی حرکات ہو رہی ہیں، سی سی ٹی وی کیمرے میں نامزد ملزمان کی مشکوک سرگرمیاں نظر آئی۔چالان میں انکشاف کیا گیا ہے کہ پولیس نے ہسپتال کے کمرے میں چھاپہ مارا تو تلاشی کے دوران شراب کی تین بوتلیں برآمد ہوئیں، ایک بوتل میں دو انچ شراب تھی، ہسپتال کے وی آئی پی کمرہ نمبر 4013 میں ہی شرجیل میمن زیر علاج تھے۔چالان کے مطابق پولیس نے تین ملزمان کو حراست میں لیا جنہوں نے اپنے جرم کا اعتراف بھی کیا ہے۔پولیس کیطرف سے چالان میں شرجیل میمن کو شریک ملزم قرار دیا گیا ہے اور انہیں پہلے سے گرفتار بھی ظاہر کیا گیا ہے۔واضح رہے کہ چیف جسٹس پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے یکم ستمبر کو کراچی میں نجی ہسپتال پر چھاپہ مارا تھا جہاں پیپلزپارٹی کے رہنما اور کرپشن کیس میں گرفتار شرجیل میمن زیر علاج تھے اور ہسپتال کو سب جیل قرار دیا گیا تھا۔چیف جسٹس نے چھاپے کے دوران شرجیل میمن کے کمرے سے شراب کی بوتلیں برآمد کی تھیں جسے پی پی رہنما کے ڈرائیور نے شہد اور تیل بتایا تھا تاہم عدالتی حکم پر شرجیل میمن کا خون ٹیسٹ کرایا گیا تھا جس میں الکوحل کی موجودگی نہیں پائی گئی تھی۔

ای پیپر دی نیشن