ایشیا کپ: پاکستان بھارت مقابلہ آج‘ شیڈول پر اعتراض‘ جیت کیلئے کھیلیں گے: سرفراز احمد

لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) ایشیا کپ میں پاکستان اور بھارت کی ٹیموں کے درمیان میچ آج کھیلا جائے گا۔ دونوں ٹیموں نے مقابلے کی بھرپور تیاریاں کر رکھی ہیں ۔ میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام 4:30 بجے کھیلا جائے گا۔قومی کپتان سرفراز احمد نے ایشیا کپ کے شیڈول پر تحفظات ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ تمام ٹیموں کے لئے ٹورنامنٹ کے قوانین ایک جیسے ہونے چاہئیں اور یقینی طور پر پاکستان کرکٹ بورڈ اس معاملے کو دیکھے گا۔واضع رہے کہ ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے میں بھارتی ٹیم اپنے تمام میچ دبئی سٹیڈیم میں کھیلے گی جبکہ پاکستان کو بنگلہ دیش اور افغانستان کے میچوں کیلئے ابوظہبی جانا ہوگا۔سرفرا ز احمد نے گزشتہ روزپریس کانفرنس میں کہا کہ ایک ٹیم کو ایک سینٹر میں تمام میچ کھلانا سمجھ سے بالاتر ہے۔دبئی کے گرم ترین موسم میں پاکستان‘ بھارت ٹکر کے لئے سٹیج تیار ہے۔ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کا سب بڑا مقابلہ اور سب سے اہم میچ روایتی حریفوں پاکستان اور بھارت کے درمیان بدھ کو دبئی کرکٹ سٹیڈیم میں ہورہا ہے۔سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ کوہلی ورلڈ کلاس میچ ونر ہیں ان کی عدم موجودگی سے فرق ضرور پڑے گا حالانکہ بھارت کے پاس کئی اور اچھے کھلاڑی موجود ہیں۔پاکستان میچ میں چار فاسٹ بائولرز کے ساتھ اترنے کی تیاریاں کررہا ہے لیکن پاکستانی کپتان سرفراز احمد نے محمد عامر کی بائولنگ پر تشویش ظاہر کی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ہم نے محمد عامر کے ساتھ بیٹھ کر انہیں سمجھا یا ہے اور بات چیت کرکے بتایا ہے کہ ٹیم کو ان سے کیا توقعات وابستہ ہیں۔ کئی بار بائولر اچھی بائولنگ کرتا ہے اور وکٹ حاصل نہیں کرسکتا ہے لیکن مجھے امید ہے کہ محمد عامر اچھی بائولنگ کریں گے۔ بھارتی ٹیم اچھی ہے، ہماری ٹیم کی بیٹنگ اور بولنگ دونوں بہترین ہیں، پریشر کے بغیر اچھا کھیلنے کی کوشش کریں گے۔ کنڈیشنز تمام ٹیموں کے لئے یکساں سازگار ہیں، ایشیائی ٹیمیں اس طرح کے ماحول میں کھیلنے کی عادی ہیں، فتح کیلئے بہتر کرکٹ کھیلنا پڑے گی، چیمپئنز ٹرافی میں فتح یادگار تھی لیکن یہاں کی کنڈیشنز بالکل مختلف ہیں۔توقع ہے کہ پاکستان ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی جائے گی کیونکہ پاکستان نے منگل کو پریکٹس سیشن کے بعد اپنے انہی بارہ کھلاڑیوں کو برقرار رکھا ہے جو ہانگ کانگ کے خلاف میچ میں شریک ہوئے تھے۔ سرفراز احمد نے اعتراف کیاکہ بھارت کے خلاف میچ کا پریشرضرور ہے لیکن کوشش کررہے ہیں کہ پاکستانی ٹیم نارمل انداز میں میچ کھیلے۔تاہم سرفراز احمد نے یہ ماننے سے انکار کردیا کہ دبئی میں پاکستان کو ہوم ایڈوانٹیج ہوگا۔اطلاعات ہیں کہ پاکستان کے وزیراعظم عمران خان بھی دونوں ٹیموں کا میچ دیکھیں گے۔ اس حوالے سے سرفرا زاحمد نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی اسٹیڈیم آمد سے کھلاڑیوں کے حوصلے بلند ہوں گے۔ وزیراعظم گراونڈ میں آتے ہیں تو ہم سب کے لیے اچھا ہے، ان کی آمد سے کھلاڑیوں کا حوصلہ مزید بڑھے گا۔ایشیا کپ میں پاکستان اور بھارت کے مابین کھیلے جانے والے میچ میں وزیراعظم عمران خان کی دبئی سٹیڈیم آمد متوقع ہے۔ وزیراعظم عمران خان اپنے دورہ سعودی عرب کے دوسرے مرحلے میں آج متحدہ عرب امارات پہنچیں گے۔ سفارتی ذرائع کی جانب سے امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ وہ آج دبئی میں پاکستان بھارت میچ سٹیڈیم میں جا کر دیکھیں گے۔

ای پیپر دی نیشن

میں نہ مانوں! 

خالدہ نازش میری سکول کی ایک دوست کو ڈائجسٹ پڑھنے کا بہت شوق تھا ، بلکہ نشہ تھا - نصاب کی کوئی کتاب وہ بے شک سکول بستے میں رکھنا ...