جدہ (امیر محمد خان سے ) مجلس محصورین پاکستان (پی آر سی) کے کنوینر سید احسان الحق نے وزیراعظم عمران خان کے کراچی میں مقیم بنگالیوں کو شناختی کارڈ جاری کرنے کے اعلان کو سراہا ہے۔ احسان الحق نے عمران خان سے خاص طور سے ان پاکستانیوں کے لئے بھی اپیل کی ہے جو 1971کی جنگ میں سقوط ڈھاکہ کے بعد بنگلادیش کے 66 کیمپوں میں کسمپرسی زندگی گذاررہے ہیں صرف اس بات پر کہ ان پاکستانیوں نے دوران جنگ افواج پاکستان کا ساتھ دیا تھا۔ وہ اس کی پاداش میں آج تک بنگلادیش میں نفرت اور حقارت کے ساتھ بھی دیکھے جاتے ہیں۔ ان کو صحت،تعلیم ،ملازمت اوربنیادی سہولتوں کے حصول سے محروم رکھا گیا ہے۔ ہم وزیراعظم سے اپیل کرتے ہیں ان محب وطن پاکستانیوں کی با عزت وطن عزیز پاکستان منتقلی اور آبادکاری کے انتظامات کئے جائیں۔ جس کے لئے رابطہ عالم اسلامی نیصوبہ پنجاب میں ایک ہزار مکانات بھی تعمیر کئے ہیں۔