لاہور: 22 لاکھ سے زائد کی وارداتیں، فیروزوالہ میں مزاحمت پر تشدد سے میاں بیوی زخمی

Sep 19, 2018

لاہور، فیروزوالہ (نامہ نگاران) ڈاکوئوں اور چوروں نے شہریوں سے لاکھوں روپے مالیت کی نقدی، طلائی زیورات، موبائل فون، گاڑیوں، موٹر سائیکلوں اور دیگر قیمتی سامان لوٹ لیا۔ ڈاکوئوں نے وحدت کالونی سے نصیر کی فیملی کو یرغمال بناکر 6 لاکھ، کوٹ لکھپت میں شاکر اور اسکی فیملی سے 4 لاکھ 75 ہزار، مسلم ٹائون میں عمر اور اسکی فیملی سے 4 لاکھ 10 ہزار، سمن آباد میں احمد اور اسکی فیملی سے 3 لاکھ، لٹن روڈ میں فیصل کی فیملی سے 2 لاکھ 40 ہزار، ٹائون شپ سے ندیم اور اسکی فیملی سے ایک لاکھ 50 ہزار روپے کی نقدی، طلائی زیورات، موبائل فون اور قیمتی اشیاء چھین لیں۔ علاوہ ازیں ڈاکوئوں نے شہر کے مختلف علاقوں میں راہزنی کی 7 وارداتوں میں شہریوں سے موبائل فون اور ہزاروں روپے چھین لئے جبکہ چوروں نے ڈیفنس اور غازی آباد سے دو کاریں جبکہ لاری اڈہ، نولکھا، فیکٹری ایریا، شالیمار اور بادامی باغ کے علاقوں سے 6 موٹر سائیکلیں چوری کرلیں۔ علاوہ ازیں فیروزوالہ کے علاقہ کالاخطائی روڈ کی آبادی شہزاد ٹائون میں ڈاکوئوں نے زمیندار اصغر علی کے گھر میں گھس کر لوٹ مار کی اور مزاحمت پر تشدد کرکے اصغر علی اور اسکی بیوی سرفراز بی بی کو زخمی کردیا اور خاتون کے کان سے طلائی بالیاں نوچ لیں جبکہ ڈاکو جاتے وقت موٹر سائیکل بھی لے گئے۔ علاوہ ازیں تھانہ اے ڈویژن کے علاقہ میں ڈاکوئوں نے پانچ دکانوں کے تالے توڑ کر لاکھوں روپے مالیت کا سامان لوٹ لیا جبکہ بھکھی تھانہ کے قریب ڈاکوئوں نے ناکہ لگا کر درجنوں افراد کو نقدی،موبائل وغیرہ سے محروم کردیا۔

مزیدخبریں