اسلام آباد (آئی این پی) سعودی مشیر برائے وزیر اطلاعات فہیم بن حامد الحامد نے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب افغانستان میں امن چاہتے ہیں، پاکستان کو دہشتگردی کی وجہ سے سب سے زیادہ جانی نقصان برداشت کرنا پڑا، پاکستان اور سعودی عرب افغان عمل کے حوالے سے یکساں موقف رکھتے ہیں، دونوں ملکوں کے تاریخی اور برادرانہ تعلقات ہیں۔ وہ منگل کو سرکاری ٹی وی سے گفتگو کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کا دورہ سعودی عرب دوطرفہ تعلقات میں اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔ پاکستان میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع ہیں۔ دونوں ملکوں میں سیاسی و معاشی تعلقات کو مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ سعودی مشیر نے کہا کہ پاکستان میں سیاحت کے شعبے میں سرمایہ کاری میں دلچسپی رکھتے ہیں۔