: چیف ٹریفک آفیسرلاہورکیپٹن(ر)لیاقت علی ملک نے کہا کہ نویں اور دسویں محرم الحرام کے موقع پر شہریوں کی سہولت کیلئے ٹریفک کے فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں،دونوں ایام میں ڈبل سواری پر پابندی عائد ہے، خلاف ورزی پر کارروائی ہوگی،اس کے علاوہغیر قانونی طور پر کالے شیشوں اورنیلی بتی کا استعمال،جعلی سبز نمبر پلیٹ،بغیر نمبر پلیٹ والی گاڑیوں کیخلاف بھی کارروائی ہوگی، نویں اور دسویں محرم الحرام کو ایس پی ٹریفک سٹی آصف صدیق اور ایس پی ٹریفک صدرڈویژن سردار محمد آصف کی نگرانی میں6ڈی ایس پیز،80انسپکٹرز،121پٹرولنگ آفیسرزاور1354ٹریفک وارڈنزڈیوٹی سرانجام دیں گے۔اس کے علاوہ سٹی ٹریفک پولیس کے دفاتر میں تعینات وارڈنز اور لیڈی وارڈنز کو بھی ذوالجناح پروسیشن کے روٹ پر تعینات کیا جائیگا۔لیاقت علی ملک نے کہاکہ شہریوں کی مدداورسہولت کیلئے کنٹرول روم بھی قائم کیا گیا ہے جس کا نمبر042-99201910ہے۔جبکہ ایمرجنسی گاڑیوں کیلئے روڈز کو ہر وقت ٹریفک کیلئے کلیئر رکھا جائیگا۔ ذوالجناح پروسیشن کے روٹ پر کوئی بھی گاڑی، موٹر سائیکل نہیں آنے دی جائے گی ،شہری ناصر باغ گراؤنڈ،گورنمنٹ سنٹرل ماڈل ہائی سکول،داتا دربار آئی ہسپتال،اڈا کرؤن پر پارکنگ کر سکتے ہیں۔سی ٹی اونے ٹریفک وارڈنزکو محرم الحرام کے حوالے سے خصوصی بریفنگ دیتے ہوئے اس بات پر زوردیاہے کہ وہ ڈیوٹی کیساتھ ساتھ مشکوک افراداورلاوارث چیزوں پربھی کڑی نظررکھیں۔سٹی ٹریفک پولیس ریڈیوFM88.6 اورRasta Appسے شہریوں کو لمحہ بہ لمحہ ٹریفک کی بدلتی صورتحال کے بارے آگاہ کیا جا تا رہے گا،شہری مزید راہنمائی کیلئے سٹی ٹریفک پولیس ہیلپ لائن سے 15 پر کال کرسکتے ہیں۔
ٹریفک پلان کے مطابق ہر قسم کی ٹریفک جو شاہدرہ کی جانب سے لاہور شہر میں داخل ہوگی آزادی فلائی اوور سے جانب ریلوے اسٹیشن بھجوائی جائے گی۔ملتان روڈ چوبرجی کی طرف سے آنے والی ٹریفک کمشنر آفس سے کورٹ سٹریٹ کی جانب آؤٹ فال روڈ کے راستے بندروڈ کی طرف بجھوائی جائیگی۔ نیز کاہنہ قصورکیطرف سے آنیوالی ہیوی ٹریفک ، بس ، مزدا، ٹرک وغیرہ کو چوبرجی موڑ سمن آباد گلشن راوی بند روڈ کی طرف بھجوایا جائے گا ۔بند روڈ چوک سگیاں کی جانب سے چوک کچہری کی طرف کوئی ٹریفک نہیں آنے دی جائے گی۔اندرون سرکل روڈ کی طرف سے آنیوالی ہر قسم کی ٹریفک کو موری گیٹ سے اردو بازار چوک ٹمبر ، لاکالج ، کچہری روڈ نیلا گمبد کے راستے بھجوائی جائے گی۔لا کالج کی جانب سے چوک ٹمبر اردو بازار کی جانب کوئی ٹریفک نہیں آنے دی جائے گی ۔مستی گیٹ ٹرن شاہی قعلہ کی طرف سے علی پارک سے جانب چوک ٹیکسالی کوئی ٹریفک نہیں آنے دی جائے گی ۔ہر قسم کی ٹریفک کو لوئر مال روڈ پر چوک ضلع کچہری سے چوک اسلامیہ ، داتا صاحب تک کسی بھی ملحقہ سڑک سے داخل نہیں ہونے دیا جائے گا۔چوک میلاد سے اندرون دہلی گیٹ جانب مسجد وزیر خان کسی قسم کی ٹریفک داخل نہیں ہونے دی جائے گی پانی والا تالاب کی جانب سے رنگ محل کی جانب ٹریفک کو نہیں آنے دیا جائے گااندرون سرکلر روڈ سے آنے والی تمام پبلک سروس گاڑیوں کو چوک شاہ عالم سے جانب میو ہسپتال بھجوایا جائے گا۔ سست رفتار گاڑیاں بھی موہنی روڈ اور اردو بازار کو استعما ل کریں گیں۔