کراچی (اسپورٹس رپورٹر) فیفا کی ممبر ایسوسی ایشن کمیٹی کے سینئر گورنینسزکے منیجر الیگژینڈرگروس نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فیفا نے پاکستان میں فٹبال کو ایک ٹریک پر لانے کیلئے نارملائزیشن کمیٹی کی تشکیل کی ہے اور حمزہ خان کو اس کمیٹی کا چیئرمین نامزد کیاگیاہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ حمزہ خان کی نامزدگی میرٹ پر ہوئی ہے ۔اور پاکستان میں فٹبال کی بہتری کیلئے کئے جانے والے تمام اقدامات اٹھانے کیلئے فیفا حمزہ خان کی بھرپور حمایت کرے گی۔پاکستان کی فٹ بال گذشتہ چند سالوں سے بحران کا شکار ہے۔جسے دورکرنے کیلئے فیفا اپنی پوری کوشش کر رہی ہے۔ تقریبا 220 ملین آبادی کایہ ملک ہے اور ابھی تک یہ فیفا رینکنگ میں 204 ویں نمبر پر ہے۔ہم پاکستان میں کھیلوں کی ترقی چاہتے ہیں۔گروس نے ان خیالات کویکسر مسترد کردیا۔ کہ چیئرمین حمزہ کو بیک ڈور سے لایا گیا ہے یا وہ میرٹ پر نہیں ہیں۔ ہم جانتے ہیں کہ حمزہ کراچی یونائیٹڈ کی جانب سے طحہ علی زئی کے ہمراہ کھیلتا رہا ہے لیکن اس کا یہ مطلب نہیں کہ وہ اس کی سوچ اور نظریہ سے بھی اتفاق رکھتا ہوں ۔ ہمیںمکمل یقین ہے کہ وہ کبھی بھی کسی تنازعہ میں ملوث نہیں رہا۔فیصل گروپ کی جانب سے مذکورہ کمیٹی میں کرنل مجاہد کی موجودگی پر بھی احتجاج کیا ہے۔ لیکن گروس نے اس خیال کوبھی مسترد کردیا کہ سابق پی ایف ایف سکریٹری جنرل صحیح انتخاب نہیں تھے۔ یہ ہمارے لئے سب سے آسان سلیکشن تھا۔ کرنل مجاہد پاکستان فٹ بال کا ایک انسائیکلوپیڈیا ہے اورپاکستان کا کپتان رہا ہے۔ اس کی خصوصیات ان سے کہیں زیادہ ہیں جو اس کے بارے میں کہا جارہاہے۔حمزہ خان سے جب کرنل لودھی کو ہٹانے متعلق کسی پیشرفت کے بارے میں پوچھا گیا تو اس بارے میں ان کا کہنا تھا کہ میرے کام کی نوعیت فیصلہ کرنا ہوگی۔ سخت فیصلے میرے کام کا حصہ ہیں ۔تنقید تو ہوتی رہتی ہے۔مجھے میرٹ پر فیصلہ کرنا ہے۔نارملائزیشن کمیٹی کے چارج لینے کے بعدپی ایف ایف کے تمام امور نمٹانے کیلئے فیفا اور اے ایف سی فنڈز فراہم کرے گی۔الیگزینڈر گروس نے فیصل صالح حیات کیجانب سے بھیجے گئے ناموں سے متعلق بتایا کہ سدھانہ پنجاب فٹبال ایسوسی ایشن کے ممبر اور لیگل ایڈوائزر ہیں جبکہ نجیب فیصل صالح حیات کے بزنس پارٹنر ہیں ۔ اسی طرح سکندر خٹک کے بھی سید ظاہر علی شاہ سے خصوصی مراسم ہیں ۔ دوستی اور مراسم کی وجہ سے نظریات تبدیل نہیں ہوتے ۔ کرنل لودھی اے ایف سی کی ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کیلئے کوالالمپور گئے ہوئے ہیں جس میں 2020سیف چمپئن شپ کو پاکستان سے بنگلہ دیش منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ الیکژنڈر گراس نے اس فیصلہ پر افسوس کا اظہار کیا جبکہ حمزہ خان کا کہنا تھا کہ اس فیصلے سے قبل ہی مجھے ناملائزیشن کمیٹی کا چیئرمین بنایا گیا تھا لیکن کرنل لودھی نے مجھ سے اس بارے میں کوئی مشاورت نہیں کی۔ تاہم نئے پی ایف ایف کے صدر کے انتخاب کے بعد منتخب صدر فیڈریشن کوچاہیے کہ پوری قوت کے ساتھ اے ایف سی کے اس فیصلے کی تبدیلی کیلئے آواز اٹھائے۔نمائندہ فیفا اور حمزہ خان لاہور روانہ ہوگئے جہاں انہیں اگلے دن ناملائزیشن کمیٹی کی میٹنگ میں شرکت کرنا ہے۔
نارملائزیشن کمیٹی کی تمام نامزدگیاں میرٹ پر کی گئی ہیں‘ نمائندہ فیفا
Sep 19, 2019