لاہور ( اپنے نامہ نگار سے) لاہور ہائی کورٹ میں تحریک لبیک کے پیر افضل قادری کی طبی بنیادوں پر درخواست ضمانت پر سماعت ہوئی۔ فاضل عدالت نے پیر افضل قادری کے چیک اپ کیلئے ایم ایس سروسز ہسپتال کو میڈیکل بورڈز تشکیل دینے کا حکم دیدیا۔ عدالت نے حکم دیا ہے کہ پہلا میڈیکل بورڈ ملزم کی شوگر، بلڈ پریشر، گردوں کے امراض کی تشخیص کرے۔ دوسرا میڈیکل بورڈ ملزم کے دل سمیت مکمل صحت کی رپورٹ پیش کرے۔ میڈیکل بورڈ بتائے کہ ملزم کا جیل میں علاج ہوسکتا ہے یا نہیں۔ عدالت نے ملزم پیر افضل قادری کی عبوری ضمانت میں 7 اکتوبر تک کی توسیع کر دی۔ عدالتی حکم پر پیر افضل قادری عدالت میں پیش ہوئے۔ لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس محمد قاسم خان کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے پیر افضل قادری کی درخواست ضمانت پر سماعت کی۔ درخواست میں پنجاب حکومت، ہوم سیکرٹری کو فریق بنایا گیا ہے۔ وکیل درخواست گزار نے موقف اپنایا کہ ملزم پیر افضل قادری متعدد موذی امراض میں مبتلا ہیں، ان کا تحریک لبیک پاکستان سے کوئی تعلق نہیں رہا۔ ملزم نے فوج اور عدلیہ سے تحریری طور پر معافی بھی مانگ لی ہے لہذا عدالت سے استدعا ہے کہ وہ پیر افضل قادری کی رہائی کا حکم دے۔