لاہور (اپنے نامہ نگار سے) احتسابِ عدالت نے پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز کیخلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات اور منی لانڈرنگ کے دو ریفرنسز میں جوڈیشل ریمانڈ میں 2 اکتوبر تک توسیع کر دی۔ حاضری معافی کی درخواست منظور کرتے ہوئے عدالت نے شہباز شریف کے پیش نہ ہونے پر ان کیخلاف ریفرنس پر کارروائی آئندہ ماہ تک ملتوی کر دی۔ احتساب عدالت کے جج چوہدری امیر محمد خان نے کیس کی سماعت کی۔ عدالتی سماعت کے موقع پرحمزہ شہباز کے جوڈیشل ریمانڈ کی معیاد مکمل ہونے پر جیل حکام نے انہیں سخت سیکیورٹی حصار میں احتساب عدالت میں پیش کیا۔ عدالت نے شہباز شریف کیخلاف آشیانہ ہاؤسنگ سوسائٹی ریفرنس اور رمضان شوگر ملز ریفرنس پر ان کی پیشی سے استثنیٰ کی درخواست منظور کر لی اور کیس کی مزید سماعت 2 اکتوبر تک ملتوی کر دی۔ حمزہ شہباز کے جوڈیشل ریمانڈ میں 2 اکتوبر تک کی توسیع کر دی، پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ملک میں اس وقت مسائل کا طوفان ہے، معیشت کا بیڑا غرق کر دیا گیا، عمران خان نے جھوٹ اور یوٹرن سے اپنا سیاسی طابوت تیار کر لیا۔ حمزہ شہباز نے کہا کہ ہمارا دامن صاف ہے اور اللہ کے انصاف پر پورا یقین ہے۔ تحریک انصاف کی میت کب تابوت میں جائے گی وقت فیصلہ کرے گا۔ عمران خان نے جھوٹ اور یوٹرن سے اپنا سیاسی تابوت تیار کر لیا ہے۔ معیشت کا بیڑہ غرق کر دیا گیا ہے۔
اتفاق شوگر ملز کیس میں حمزہ کے جوڈیشل ریمانڈ میں 2 اکتوبر تک توسیع
Sep 19, 2019