لاہور /اسلام آباد(نیوز رپورٹر+وقائع نگارخصوصی) پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین سے سابق وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے ٹیلی فون پر گفتگو کی اور ان کی خیریت دریافت کی۔ میاں شہباز شریف نے سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کی جانب سے بھی جلد صحت یابی کیلئے دعا اور نیک جذبات کے پیغامات پہنچائے۔ چودھری شجاعت حسین نے میاں نواز شریف اور میاں شہباز شریف کی جانب سے ان کی جلد صحت یابی کیلئے دعا اور نیک خواہشات پر اظہار تشکر کیا۔ دریں اثناء سابق وزیراعلیٰ شہباز شریف نے ایک بیان میں مقبوضہ کشمیر میں 45 دن گزرنے کے باوجود کرفیو کے نفاذ کی مذمت اور اظہار تشویش کرتے ہوئے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کے غیور عوام کو سلام ہے، جو ظالم ترین بھارتی حکومت کے خلاف مسلسل سینہ سپر ہیں، 45 دن مسلسل کرفیو نے ثابت کردیا کہ کشمیری بھارت کے ساتھ نہیں رہنا چاہتے، کشمیریوں کے بنیادی حقوق کا تحفظ نہ ہونا عالمی اداروں کی ساکھ پر سنگین سوال ہے؟۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی حکمرانوں کو مظلوم اور بے گناہوں کے خون کے ایک ایک قطرے کا حساب دینا ہوگا ، انسانی المیہ جنم ہونے دینے کا انتظار عالم انسانیت کے لئے اچھی علامت نہیں، بڑھتا ہوا ظلم بتا رہا ہے کہ بھارت کے ٹکڑے ہونے کا وقت اتنا ہی قریب آرہا ہے، کشمیریوں کی آزادی تک پاکستانی ان کے شانہ بہ شانہ جدوجہد جاری رکھیں گے۔ پاکستانی قوم کشمیریون کے لئے بھرپور جذبہ، ولولہ اور محبت رکھتی ہے، پاکستانی قوم کے جذبے کوبھی سلام ہے۔