لاہور(کامرس رپورٹر ) صوبائی وزیر صنعت وتجارت میاں اسلم اقبال نے کہا ہے کہ لاہور سیالکوٹ موٹروے پر ہونے والا دلخراش واقعہ باعث ندامت اورقابل افسوس ہے۔ یقین دلاتاہوں واقعہ میں ملوث ملزمان جلد قانون کی گرفت میں آئیں گے اور قانون کے مطابق قرار واقعی سزا سے بچ نہیں پائیں گے۔اس واقعہ میں کوتاہی کے مرتکب بھی کٹہرے میں لائے جائیں گے۔ قوم کی راہ چلتی بہنوں اور بیٹیوں سے زیادتی کرنے والے مجرموں کا جرم اتنا سنگین ہے کہ اس کے لئے موت کی سزا بھی کم ہے۔ ان درندوں کو ایسی عبرتناک سزا ملنی چاہئے کہ دوبار ہ کوئی ایسا کرنے کا سوچ بھی نہ سکے۔ ترقی یافتہ ممالک میں بعض اوقات کیس کو ٹریس کرنے میں کئی سال لگ جاتے ہیں۔پنجاب پولیس کی نئی ٹیم محنت سے کام کررہی ہے۔ اور جتنی جلدی وہ ملزموں کا سراخ لگانے میں کامیاب ہوئی ہے اس کا کریڈٹ اسے ملنا چاہیے۔آئندہ ایسے جرائم کو روک تھام اور پرامن معاشرے کی قیام کے لئے ہر ضروری اقدام اٹھائیں گے۔ صوبائی وزیر نے ان خیالات کا اظہار گزشتہ روز سبزہ زار میں کھلی کچہری کے دوران میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار کی قیادت میں پنجاب حکومت عوام کو سستے آٹے کی فراہمی پر ہر سال 90 ارب روپے کی سبسڈی دے رہی ہے جبکہ دیگر صوبائی حکومتیں اپنی یہ ذمہ داری نہیں نبھا رہی ہیں۔