سرگودھا‘ سانگلہ ہل‘ ننکانہ صاحب (نامہ نگاران + نمائندہ نوائے وقت) سرگودھا میں ریٹائرڈ سب انسپکٹر‘ سانگلہ ہل میں خطیب اور ننکانہ صاحب میں 40 سالہ شہری نے گھریلو حالات سے تنگ آ کر زندگی کا خاتمہ کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق سرگودھا کی تحصیل سلانوالی کے چک 140 جنوبی میں گھریلو ناچاقی پر محکمہ پولیس سے ریٹائرڈ سب انسپکٹر محمد اسلم نے خود کو گولی مار کر خودکشی کر لی۔ نعش پوسٹ مارٹم کے بعد ورثاء کے حوالے کر دی گئی۔ سانگلہ ہل کے محلہ احمد آباد میں گلی نمبر10کے رہائشی مشہور خطیب مولانا فیض رسول حامد المعروف حامد رضا نے گھریلو حالات سے دلبرداشتہ ہو کر گلے میں چھری چلاکر زندگی کا خاتمہ کیا۔ مولانا حامد رضا کی10سال پہلے شادی ہوئی تھی اور اولاد نہ ہوئی تھی۔ ان کا اکثر اپنی بیوی سے جھگڑا رہتا تھا۔ پولیس نے تفتیش شروع کر دی۔ ننکانہ صاحب کے نامہ نگار کے مطابق سانگلہ ہل کے محلہ احمد آباد کے رہائشی 40 سالہ فیض رسول نے گھریلو حالات سے تنگ آ کر تیز دھار آلے سے اپنی شہ رگ کاٹ لی۔