گوجرانوالہ‘ منڈی بہاؤ الدین (نمائندہ خصوصی‘ نامہ نگار) وفاقی وزیر برائے توانائی عمر ایوب نے کہا ہے کہ ملک پر مہنگی بجلی کا بوجھ مسلم لیگ ن چھوڑ کر گئی، غلط اور مہنگے معاہدے ہمیں ورثے میں ملے، وزیر اعظم عمران خان کی کرونا سے نمٹنے کی پالیسی کو دنیا بھر میں سراہا جارہا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے نواحی علاقہ رسول میں گیس اور بجلی کی فراہمی کے مختلف منصوبوں کی افتتاحی تقریب کے موقع پر عوامی اجتماع سے خطاب میں کیا۔ اس موقع پر ممبر قومی اسمبلی حاجی امتیاز احمد، سابق ایم این اے چوہدری اعجاز احمد، سابق ناظم مرزا بشارت بیگ اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔ وفاقی وزیر عمر ایوب خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی نے اپنے دور میں ملکی تاریخ کا ساٹھ سالہ قرضہ دگنا کرکے پندرہ ہزار ارب روپے تک پہنچایا۔ مگر وزیراعظم عمران خان نے دیوالیہ معیشت کو سہارا دے کر سنبھالا اور آگے بڑھایا۔ انہوں نے مزید کہا کہ منڈی بہاؤالدین میں ممبر قومی اسمبلی حاجی امتیاز احمد کے حلقہ میں گیس کے 640 کلو میٹر پائپ بچھائے گئے ،بجلی کے محکمے میں آٹھ ارب منظور کروائے گیے ، لائینوں اورگرڈ اسٹیشنز کو اپ گریڈ کیا گیا جبکہ چک شہباز میں 132 کے وی گرڈ اسٹیشن اور ہیڈ فقیریاں میں چھ ارب روپے کی لاگت سے 220 کے وی کا گرڈ اسٹیشن قائم کیا جارہا ہے۔ اس موقع پر وفاقی وزیر نے گیس اور بجلی سمیت مختلف منصوبوں کا افتتاح بھی کیا۔